تجارت

وفاقی حکومت کا ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دینے کا فیصلہ

اسلام آباد (آئی پی ایس) نگران حکومت نے اپنے مینڈیٹ کے برخلاف ترقیاتی منصوبوں کی منظوریوں کا عمل شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، جو کہ مزید غیر ملکی قرضوں کے حصول کیلیے ضروری ہے۔

نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے نیشنل اکنامک کونسل کی ایگزیکیوٹیو کمیٹی کی تشکیل نو کردی ہے، جو کہ ترقیاتی اسکیموں کی منظوری دینے کی اتھارٹی ہے، نگران وزیرخزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر کو کونسل کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے جبکہ تین وفاقی وزراء اور چاروں صوبوں کے وزرائے خزانہ اس کے ممبر ہونگے۔

ذرائع کے مطابق پلاننگ کمیشن اگلے ہفتے ایشین ڈیولپمنٹ بینک کے 300 ملین ڈالر کے قرضوں کے سلسلے میں ایف بی آر میں اصلاحات کے حوالے سے سینٹرل ڈیولپمنٹ ورکنگ پارٹی کا اجلاس دوبارہ طلب کرسکتا ہے، اس سے قبل عالمی بینک بھی ایف بی آر میں اصلاحات کیلیے 400 ملین ڈالر کا قرضہ دے چکا ہے، لیکن کچھ نہیں بدلا، نگران حکومت کی جانب سے ECNEC کی تشکیل نو اور CDWP کا اجلاس نگران حکومت کے مینڈیٹ کی خلاف ورزی ہے، نگران حکومت صرف جاری منصوبوں کے متعلق ہی فیصلے کرنے کا مینڈیٹ رکھتی ہے۔

تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ غیر ملکی قرضوں کے حصول کیلئےکچھ غیرملکی فنڈڈ پراجیکٹس کیلیے ورکنگ پیپرز اور کانسیپٹ پیپرز کی منظوری درکار ہے، جس کی وجہ سے یہ اقدامات کیے جارہے ہیں، جن میں ایشین بینک کے تعاون سے چلنے والا 300 ملین ڈالر کا ڈومیسٹک ریسورز موبلائزیشن بجٹ سپورٹ لون سرفہرست ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نگران وزیرخزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر نے رواں ہفتے ایشین بینک کے ڈائریکٹر جنرل سے ورچوئل اجلاس میں 300 ملین ڈالر کا قرضہ جاری کرنے کی درخواست کی تھی، لیکن انہوں نے منظوری کے منتظر کچھ معاملات کی وجہ سے انکار کردیا تھا۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker