
اسلام آباد (آئی پی ایس) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں اسلام آباد پولیس سے ریٹائر ہونے والے ایس پی فرحت عباسی کاظمی کے اعزاز میں ایک ظہرانے کا اہتمام کیا گیا جس میں پولیس کے موجودہ اور سابق افسران سمیت چیمبر کے گروپ لیڈر خالد اقبال ملک اور تاجر برادری کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کمیونٹی پولیسنگ کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا جس سے پولیس اور شہریوں کے درمیان تعلقات بہتر ہوں گے اور جرائم پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے نئے ایس ایچ اوز کو جدید خطوط پر ٹریننگ فراہم کرنے کی اہمیت کو اجاگر کیا تا کہ شہریوں کے ساتھ ان کا رویہ مزید بہتر ہو اور شہری بغیر کسی خوف و ہراس کے اپنے مسائل سے پولیس کا آگاہ کر سکیں۔ انہوں نے معاشرے میں پولیس کے کردار کی اہمیت پر روشنی ڈالی کیونکہ پولیس کی بہتر کارکردگی سے شہر میں امن ہو گا، کاروبار و سرمایہ کاری کو ترقی ملے گی اور خوشحالی آئے گی۔انہوں نے کہا کہ فرحت عباس کاظمی نے گذشتہ چالیس سال میں دہشت گردی اور جرائم پر قابو پانے کیلئے ایک مثالی کردار ادا کیا ہے جوقابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر فرحت عباس کاظمی کو نیشنل ایوارڈ کیلئے نامزد کرنے کی شفارش کرتا ہے کیونکہ وہ اسلام آباد پولیس میں ایک رول ماڈل کا درجہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر محکمہ پولیس کے تعاون سے اپنے آڈیٹوریم میں نوجوان پولیس افسران کو ٹریننگ فراہم کرنے کیلئے تیار ہے تا کہ وہ جرائم پر قابو پانے کے جدید طریقے سیکھ کر شہر میں امن و امان کو مزید بہتر کر سکیں اور شہریوں کے ساتھ ان کا رویہ مزید اچھا ہو۔ انہوں نے کہا کہ ریٹائر ہونے والے ایماندار پولیس افسران کے تجربات سے فائدہ اٹھا کر شہر میں سیکورٹی کی صورتحال کو مزید بہتر کیا جا سکتا ہے۔
ریٹائر ہونے سے ایس پی فرحت عباس کاظمی نے اس موقع پر تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اور اسلام آباد پولیس نے ہمیشہ مل کر اسلام آباد کو جرائم سے پاک شہر بنانے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کو ماضی کی نسبت اب نئے چیلنچز کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے شہریوں سے اچھا برتاؤ چیلنج تھا جبکہ اب جرائم پر قابو پانا سب سے بڑا چیلنج ہے۔ انہوں نے چیمبرکے طرف سے پولیس افسران کی تربیت کیلئے اپنے آڈیٹوریم کی سہولت فراہم کرنے کی پیشکش کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ وہ انسپکٹر جنرل اسلام آباد پولیس سے اس سلسلے میں بات کریں گے تا کہ ریٹائر ڈ پولیس افسران اپنے تجربات کی روشنی میں نوجوان پولیس افسران کو بہتر تربیت فراہم کر سکیں جس سے ان کی کارکردگی مزید بہتر ہو گی۔ انہوں نے ظہرانے کا اہتمام کرنے پر چیمبر کے صدر احسن بختاوری اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس سے نوجوان پولیس افسران کی حوصلہ افزائی ہو گی تاکہ وہ بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر یں اور معاشرے میں ان کی عزت و وقار میں اضافہ ہو۔
اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے سابق صدر اور یو بی جی کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری نے کہا کہ پاکستانی معاشرہ گذشہ کئی سالوں سے تفریق کا شکار ہے اور اس افراتفری کے دور میں پولیس کو ایک ولن کے طور پر آگے بڑھایا جا رہا ہے جبکہ فرحت عباس کاظمی اور اسلام آباد پولیس کے بیشتر افسران اسلام آباد کے ہیرو ہیں کیونکہ انہوں نے محنت ولگن اور دیانتداری کے ساتھ جرائم ودہشت گردی کی روک تھام کیلئے گراں قدر خدمات سرانجام دی ہیں اور ملک بھر میں ہزاروں پولیس کے جوانوں نے دہشت گردی کے خلاف اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے ہیں لہذا ہم اسلام آباد میں پولیس کو عوام کا ہیرو بنا کر پیش کریں گے اور آج کی تقریب اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔
چیمبر کے سابق صدر محمد اعجاز عباسی نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسلام آباد کی بزنس کمیونٹی اور پولیس کے درمیان ہمیشہ سے قریبی تعلق اور رابطہ رہا ہے جس میں 1983میں پولیس میں بھرتی ہونے والے پولیس افسران کا کردار نمایاں ہے۔
ایس ایس پی گلفام ناصر، ایس پی صدر نوشیروان علی چانڈیو، ریٹائرڈ ایس پیز صاحبان جمیل ہاشمی، سفیر بھٹی اور زبیر شیخ کے علاوہ اجمل بلوچ، اسد عزیز، خالد چوہدری، سیف الرحمٰں خان، ظاہر عباسی، اشفاق چھٹہ اور دیگر نے بھی تقریب سے خطاب کیا اورمحکمہ پولیس میں فرحت عباس کاظمی کی خدمت کو خراج تحسین پیش کیا۔