کاروبار کے بہتر فروغ کیلئے معاشی پالیسیوں کا تسلسل ضروری ہے۔ احسن بختاوری
اسلام آباد چیمبر آف کامرس کی طرف سے غیر ملکی سفراء کے اعزاز میں افطار ڈنر کا اہتمام
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے غیر ملکی سفراء کے اعزاز میں ایک افطار ڈنر کا اہتمام کیا۔ وفاقی وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار مہمان خصوصی تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ دوست ممالک کی طرف سے پاکستان کے ساتھ تعاون کے بعد آئی ایم ایف کے ساتھ جلد معاملات طے پا جائیں گے جس سے موجودہ مشکلات پر قابو پانے میں مدد ملے گی اور معیشت بحالی کی طرف گامزن ہوگی۔انہوں نے کہا کہ 2016 میں پاکستان دنیا کی 24ویں بڑی معیشت تھی اور ہم جی ٹونٹی میں شامل ہونے کا سوچ رہے تھے لیکن اس وقت ہماری معیشت کو سنگین معاشی چیلنجز کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈیفالٹ نہیں کرے گا اور حکومت معیشت کو پائیدار ترقی کی راہ پر ڈالنے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے سفراء کے اعزاز میں افطار ڈنر کا اہتمام کرنے پر آئی سی سی آئی کے اقدام کو سراہا۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ کاروبار اور سرمایہ کاری کے بہتر فروغ کیلئے اقتصادی پالیسیوں کا تسلسل ضروری ہے اور امید ظاہر کی کہ حکومت اس جانب خصوصی توجہ دے گی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ تاجر برادری معیشت کی بحالی کی کوششوں میں حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی۔ انہوں نے سفارت کاروں کو پاکستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے مواقعوں سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان22کروڑ سے زائد صارفین کی ایک بڑی مارکیٹ ہے جس کی معیشت کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع موجود ہیں لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ غیر ملکی سرمایہ کارٹیکنالوجی کی منتقلی کر کے پاکستان میں دلچسپی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کریں۔
سابق وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت کاروبار کرنے میں آسانیاں پیدا کرنے کے لیے پرعزم ہے اور امید ظاہر کی کہ حکومت کی کوششوں سے موجودہ مشکل حالات پر جلد قاپو پا لیا جائے گا۔
چیمبر کے سینئر نائب صدر فاد وحید نے کہا کہ پاکستان کو اپنی معیشت بہتر کرنے کیلئے برآمدات کو تیزی سے فروغ دینے کی ضرورت ہے اور اس توقع کا اظہار کیا کہ غیر ملکی سفارتکار اس سلسلے میں پاکستان کے ساتھ بھرپور تعاون کریں گے۔
چیمبر کے نائب صدر انجینئر محمد اظہر الاسلام ظفر نے افطار ڈنر میں شرکت کرنے پر مہمان خصوصی وفاقی وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار، غیر ملکی سفارتکاروں اور تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ حکومت اگر کاروبار کیلئے مزید سازگار حالات پیدا کرے تو تاجر برادری معیشت کو موجودہ مسائل سے جلد نکال سکتی ہے۔
نووا گروپ کے چیئرمین چوہدری جنید افضال نے اپنے خطاب میں کہا کہ احسن بختاوری کی کوششوں سے بزنس کمیونٹی کیلئے ایک پرکشش پیکج تیار کیا گیا ہے جس کے تحت نووا سٹی میں رہائشی اور کمرشل پلاٹ کی خریداری پر ان کو مناسب ڈسکاؤنٹ دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نووا گروپ خطے میں انڈسٹریل پارک کی تعمیر کی کوششوں میں بھی چیمبر کے ساتھ ہرممکن تعاون کرے گا۔
چیمبر کے سابق صدر ظفر بختاوری نے اپنے خطاب میں کہا تاجر برادری پر امید ہے کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار جلد ہی آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ طے کر لیں گے جس سے پاکستان اپنے موجودہ معاشی بحران سے نمٹنے کے قابل ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ بحران سے نکلنے کے بعد حکومت کو چاہیے کہ وہ پاکستان کو قرضوں سے نجات دلانے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کرے تا کہ ملک اپنے پاؤں پر کھڑا ہو سکے اور یقین دلایا کہ تاجر برادری اس مقصد کے حصول میں حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی۔
ترکمانستان کے سفیرعطاجان مولاموف، قازقستان کے سفیر یرژان کِسٹافن، آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف،کرغزستان کے سفیر اولان بیک توتوئیو، ترکی کے سفیر ڈاکٹر مہمت پجاچی، انڈونیشیا کے سفیر ایڈم ایم ٹوگیو اور شام کے سفیر ڈاکٹر رمیز الراعی سمیت سعودی عرب، آسٹریلیا، ملائیشیا، پولینڈ، سری لنکا، نیپال، جمہوریہ ترک شمالی قبرص اور دیگر ممالک کے سفراء اس موقع پر موجود تھے اور انہوں نے ایک شاندار افطار ڈنر کا اہتمام کرنے پر چیمبر کا شکریہ ادا کیا۔