
اسلام آباد(آئی پی ایس)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ اتحادی حکومت کی سب سے بڑی کامیابی ملک کو پراجیکٹ عمران سے پاک کرنا ہے ، ملک کو سب سے بڑے فارن ایجنٹ فتنے اور مافیا سے نجات دلائی ، ہمیشہ ملک اور معیشت کو مشکلات سے نکالا ہے، عمران پراجیکٹ نے ملک کو معاشی دیوالیہ کی طرف دھکیلا، آج ملک میں مہنگائی ، معاشی تباہی اور سیاسی عدم استحکام عمران پراجیکٹ کی وجہ سے ہے۔
جمعہ کو عمران خان کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) 2018 میں ملک کو تاریخی معاشی استحکام اور عوام کو سستی روٹی ، چینی آٹا، بجلی، گیس ، پٹرول ، نوجوانوں کو روزگار، ملک کو ترقی ، سی پیک ، 14000 میگاواٹ بجلی اور دہشت گردی سے پاک پاکستان دے کر گئی تھی۔ مسلم لیگ (ن) ملک کو تاریخی 6.2 فیصد ترقی اور آئی ایم ایف کا پروگرام مکمل کر کے دے کر گئی تھی۔انہوں نے کہا کہ چار سال میں عمران پراجیکٹ نے ملک کا معاشی دیوالیہ کیا ،
نوجوان کو بے روزگار کیا ، ملک کو دہشت گردی دی اور ترقی روک دی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران پراجیکٹ نے چار سال عوام کو غربت ، مہنگائی کی چکی میں پیسا، آٹا، چینی ،دالیں اور تیل مہنگا کیا ، آج ملک میں روٹی مہنگی ہے تو عمران پراجیکٹ کی وجہ سے ، آج سخت شرائط والا آئی ایم ایف کا پرگرام عمران پراجیکٹ کا عوام کو دیا تحفہ ہے، آج ملک میں مہنگی بجلی اور گیس عمران پراجیکٹ کی وجہ سے ہے۔انہوں نے کہا کہ چار سال تباہی مچا کر مہنگائی کا طوفان لا کر آج الیکشن، الیکشن کی رٹ لگا کر کیا ہوگا، عمران خان 2018 میں ملک پر مسلط ہونے والے الیکشن کی بات کر سکتے ہیں الیکشن نہیں لڑ سکتے۔
قبل ازیں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پولیو کے مہلک مرض کے خاتمے کی جدوجہد مشکل ترین حالات میں جاری ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے پولیو ٹیم کے ایک رکن کی وڈیو شیئر کی جس میں وہ شدید برفانی علاقے میں پولیو کے خاتمے کیلئے اپنے فرائض انجام دے رہا ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ یہ وڈیو پاکستان کے پختہ عزم کا واضح ثبوت ہے۔ قابل فخر ان ورکرز کو ہمارا سلام جو دہشت گردی اور سخت موسموں کا مقابلہ کرکے ہمارے بچوں کی صحت کی جنگ لڑتے ہیں، ان کا پاکستان کی آنے والی نسلوں پر احسان ہے۔





