
اسلام آباد(آئی پی ایس)اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات ہونگے یا نہیں؟ الیکشن کمیشن نے فیصلہ محفوظ کرلیا۔
الیکشن کمیشن نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کروانے سے متعلق کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا۔ فیصلہ کچھ دیر میں سنایا جائے گا۔
الیکشن کمیشن میں اسلام آباد کے بلدیاتی الیکشن کیس کی سماعت ہوئی۔ چیف الیکشن کمشنرنےکہاکہ دو بار حلقہ بندیاں کر چکے ہیں ،پنجاب میں تیسری بار حلقہ بندی کرنا پڑ رہی ہیں۔
انہوں نے ریمارکس دیے ہیں کہ ہمیں صوبوں میں بھی لوکل گورنمنٹ انتخابات کے لیے مزاحمت کا سامنا کرنا پڑتا ہے،اب الیکشن شیڈول ہے تو یونین کونسل کی تعداد بڑھا دی گئی۔
ان کا کہنا ہے کہ میئر کا انتخاب ڈائریکٹ کر دیا گیا۔ ہمارے پاس تو ان کے کاغذات نامزدگی بھی نہیں۔ چیف الیکشن کمشنر نےکہاکہ الیکشن کمیشن کو مشکل میں ڈال دیا گیا ہے،کیا پتہ کل پھر یونین کونسل کی تعداد کم کر دی جائیں۔