
اسلام آباد(آئی پی ایس)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ آرمی چیف کوئی بھی بنے، ان کی جماعت کو اس سے کوئی مسئلہ نہیں۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ یہ نوازشریف ہی کا ماضی ہے کہ وہ اس معاملے میں اپنی پسند کو معیار بناتے ہیں۔
واضح رہے پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے لانگ مارچ کے دوران لالہ موسی میں ویڈیو خطاب کے دوران کہا تھا کہ انہیں نہ مرضی کا آرمی چیف چاہیے، نہ اپنا جج، نہ آئی جی اور نہ ہی نیب کا سربراہ، انہیں صرف میرٹ پر بہترین لوگ چاہئیں۔
پی ٹی آئی چیئرمین کی جانب سے میرٹ کی بات کرنے پر پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور وفاقی وزیر احسن اقبال نے سوال اٹھایا کہ میرٹ کی بات کرنے والے عمران خان بتائیں کہ عثمان بزدار کو کس میرٹ پر لگایا تھا؟ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ جس شخص کو سب سے بڑا ڈاکو کہا اس کو وزیراعلی بنایا، جسے کہتے تھے چپڑاسی بھی نہ رکھیں اسے کس میرٹ پر وزیر داخلہ لگایا؟