
مریدکے(آئی پی ایس)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے وزیراعظم شہباز شریف کے بیان ”عمران خان نے مشترکہ طور پر آرمی چیف تعینات کرنے کی آفر کی“پر ردعمل دیتے ہوئے کہاکہ شہبازشریف !آپ نے بیان دیا کہ میں نے آپ کو ایک پیغام بھیجوایا ہے ، شہبازشریف سن لیں! میں بوٹ پالش کرنے والوں سے بات نہیں کرتا۔
لانگ مارچ کے تیسرے روز مریدکے میں شرکا سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہاکہ مریدکے کے جذبے اور جنون کو سلام پیش کرتا ہوں،لوگوں نے اتنی عزت اور پیار دیا کہ آتے آتے دیر ہو گئی ،ان کا کہناتھا کہ رات کو عوام کا سمندراندھیرے میں نظر نہیں آ رہا تھا۔
عمران خان نے کہاکہ امریکا سے مدد مانگتا ہوں اور نہ ہی کسی اور سے مدد مانگتا ہوں،شہبازشریف !آپ نے بیان دیا کہ میں نے ااپ کو ایک پیغام بھیجوایا ہے ، شہبازشریف سن لیں! میں بوٹ پالش کرنے والوں سے بات نہیں کرتا،شہباز شریف آپ کے پاس کیوں پیغام بھجواؤں گا،میں نے ان سے بات کی جو شہبازشریف کو اشاروں پر چلاتے ہیں ،جن سے بات کی ان کو کہا کہ ملک میں شفاف الیکشن کرائے جائیں ۔
چیئرمین تحریک انصاف نے کہاکہ میں نے کسی کی منتیں نہیں کیں، عوام کی طاقت سے وزیراعظم بنا، انہوں نے اربوں روپے خرچ کرکے ہمارے لوگوں کے ضمیر خریدے، غلام اور ڈاکو ہم پر مسلط کئے گئے،ان کاکہناتھا کہ میں آزاد آدمی ہوں، مر سکتا ہوں غلامی نہیں کر سکتا،قوم امپورٹڈ حکومت کو نہیں مانتی ۔