
اسلام آباد(آئی پی ایس)ملک بھر میں بارشوں اور سیلاب سے مزید 10افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جس کے بعد تعداد ایک ہزار 569 ہوگئی ہے۔
اس حوالے سے این ڈی ایم اے کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں بارشوں اور سیلاب سے جاں بحق افراد کی تعداد ایک ہزار 569 ہوگئی ہے
جبکہ اب تک 12ہزار 860افراد زخمی ہوئے ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سندھ 701 ، بلوچستان 300 ، خیبرپختونخوا میں 306 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ پنجاب 191 ، آزاد کشمیر میں 48 اور گلگت بلتستان میں 22 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔اسکے علاوہ ملک بھر میں بارشوں اور سیلاب سے 20 لاکھ 9 ہزار 794 گھروں کو نقصان پہنچا ہے
جبکہ 9 لاکھ 98 ہزار 407 مویشی ہلاک ہوئے ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملک بھر میں سیلاب کی وجہ سے 12 ہزار 716 کلو میٹر شاہراہوں کو نقصان پہنچا ہے۔سندھ کے سب سے زیادہ متاثرہ اضلاع میں قمبر شہداد کوٹ، جیکب آباد، لاڑکانہ، خیرپور، دادو، نوشہرو فیروز، ٹھٹھہ اور بدین شامل ہیں۔بلوچستان کے اضلاع میں کوئٹہ، نصیر آباد، جعفرآباد، جھلمگسی، بولان، صحبت پور اور لیسبیلہ شامل ہیں۔
کے پی میں دیر، سوات، چارسدہ، کوہستان، ٹانک اور ڈی آئی خان اور پنجاب میں ڈی جی خان اور راجن پور شامل ہیں۔ادھرآرمی ایوی ایشن ہیلی کاپٹروں نے اب تک امدادی کاموں کیلئے 584 پروازیں کی ہیں جبکہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے مجموعی طور پر 4653 پھنسے ہوئے افراد کو نکالا گیا ہے۔





