
نیو یارک(آئی پی ایس) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ یو این جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر عالمی رہنماؤں سے ملاقات اور گفتگو کے دوران انہیں سیلاب کی تباہی سے آگاہ کیا۔ جبکہ موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے اجتماعی اقدام کی ضرورت کو اجاگر کیا۔
وزیر اعظم نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا میں نے انہیں یہ بھی بتایا کہ پاکستان تجارت اور معیشت کے شعبوں میں شراکت داری قائم کرنے کا خواہاں ہے۔قبل ازیں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی کہانی دنیا کو سنانے کیلئے چند گھنٹے قبل نیو یارک پہنچا ہوں۔یہ سیلاب کی وجہ سے بڑے انسانی المیے سے پیدا ہونے والے غم اور درد کی کہانی ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اور دوطرفہ ملاقاتوں میں پاکستان کا مقدمہ ایسے مسائل پر پیش کروں گا جن پر دنیا کی فوری توجہ کی ضرورت ہے۔ادھر وزیراعظم شہباز شریف سے امریکی نمائندہ خصوصی برائے ماحولیاتی تبدیلی جان کیری نے نیویارک میں ملاقات کی۔وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں کے مابین سائیڈ لائن ملاقات نیو یارک میں جاری اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77 ویں اجلاس کے موقع پر ہوئی۔
وزیراعظم شہباز شریف اور امریکی نمائندہ خصوصی جان کیری نے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات اور دونوں ممالک کے مابین دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔
امریکی نمائندہ خصوصی نے ملاقات کے بعد اپنے ٹوئٹر بیان میں کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور میں نے پاکستان میں آنے والے سیلاب اور اس کی تباہ کاریوں سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کی جانب سے بحران سے نمٹنے کے لیے 55 ملین ڈالر کی انسانی امداد روانہ کی جا چکی۔ جان کیری نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں اور اس کے نتیجے میں درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے۔