
اسلام آباد(آئی پی ایس) پی ٹی آئی کے لانگ مارچ اور دھرنے کے پیش نظر اسلام آباد کے ریڈ زون کو کنٹینر رکھ کر سیل کرنا شروع کرد یا گیا
جبکہ تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ابھی تو تحریک انصاف نے اسلام آباد بند کرنے کی کوئی کال ہی نہیں دی ،حکومت پہلے ہی مکمل ہوش کھو بیٹھی ہے۔ پی ٹی آئی کے ممکنہ احتجاجی لانگ مارچ یا دھرنے کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت کے ریڈ زون کو شپنگ کنٹینرز سے سیل کر دیا گیا ہے۔
وفاقی دارالحکومت کے داخلی اور خارجی راستوں پر پولیس کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اسلام آباد پولیس نے صوبوں سے پولیس، پیرا ٹروپرز اور ایف سی فورس کے 30,000 اہلکار طلب کیے ہیں جن میں سے 20,000 پنجاب، 4,000 خیبر پختونخوا اور 6,000 رینجرز اور ایف سی فورس کے اہلکار شامل ہیں۔
خیال رہے کہ اس ماہ کے آغاز میں پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کو اسلام آباد میں لانگ مارچ کی تیاریاں شروع کرنے کی ہدایت کی تھی۔خیبرپختونخوا کے پارٹی قانون سازوں اور مقامی رہنماؤں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ایم پی اے سے کہا کہ وہ صوبائی قیادت کی مشاورت سے مارچ کی تیاریاں شروع کریں۔انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت کو مزید وقت نہیں دیا جا سکتا،
انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد جانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں سے کہا کہ وہ ان کی کال کا انتظار کریں۔دوسری جانب سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے جاری کردہ ٹوئٹ پیغام میں تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے لکھا کہ حکومت مکمل ہوش کھو بیٹھی ہے۔جاری کردہ ٹوئٹ میں فواد چوہدری لکھتے ہیں کہ ابھی تو تحریک انصاف نے اسلام آباد بند کرنے کی کوئی کال ہی نہیں دی اور ابھی سے پورا شہر قلعہ بنا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اتنے خوفزدہ اور نالائق لوگ شاید ہی اسلام آباد میں پہلی بار دیکھے ہوں۔فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ نااہل الیکشن کراؤ اور لوگوں کو فیصلہ کرنے دو۔





