
اسلام آباد(آئی پی ایس) ملک میں مہنگائی کی شرح تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔مہنگائی کی مجموعی شرح 23.98 فیصدریکارڈ کی گئی۔
ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں مہنگائی میں 2.67 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ جس کے بعد مہنگائی کی مجموعی شرح23.98 فیصدتک جا پہنچی ہے جو ملکی تاریخ میں مہنگائی کی بلند ترین شرح ہے۔ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق ایک ہفتے میں 33 اشیا ضروریہ مہنگی ہوئیں۔
اسی دوران 5 اشیا کی قیمتوں میں کمی اور 13 اشیا کی قیمتوں میں استحکام رہا۔دستاویزات کے مطابق ایک ہفتے میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 30 روپے فی لیٹر اضافہ ہوا۔ برانڈڈ گھی فی کلو کی قیمت میں 28 روپے تک کا اضافہ ہوا۔آلو کی فی کلو قیمت میں 3روپے10پیسے اور ٹماٹر کی قیمت میں 4 روپے سے زائد کا اضافہ ہوا۔دالیں، نمک، بیف، مٹن، چینی، پیاز، دودھ بھی مہنگی ہونے والی اشیاا میں شامل ہیں۔