
اسلام آباد (آئی پی ایس )حقیقی آزادی مارچ میں عوام پر ریاستی تشدد گرفتاریوں کا معاملہ، سینیٹ کی قائمہ کمیٹی داخلہ نے تحقیقات کے لیے متفقہ طور سب کمیٹی قائم کردی
سب کمیٹی ملک بھر میں عوام پر تشدد، گرفتاریوں، پولیس چھاپوں، زخمی شہریوں، شیلنگ، فائرنگ کے واقعات پر انکوائری کرے گی،اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سب کمیٹی انکوائری کرکے ذمے داروں کا تعین کرے گی جس پر ایکشن لیا جائے گا
حکومتی ممبران یوسف رضا گیلانی، شہادت اعوان، مولابخش چانڈیو، رانا مقبول، اعظم نذیر تارڑ کی جانب سے اہم معاملے کی مخالفت کی گئی ۔
پی ٹی آئی کے سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے اجلاس میں اہم عوامی مسئلے پر نشاندہی کی اور کہا کہ حقیقی آزادی مارچ کے وقت پولیس نے عام شہریوں پر ظلم و جبر کیا،شہریوں کے گھروں پر چھاپے مارکر خواتین پر تشدد اور لوگوں کو گرفتار کیا گیا، شہریوں معصوم بچوں خواتین پر ممنوعہ شیلنگ اور براہ راست فائرنگ کی گئی،
وزرا سابق وزرا سینیٹرز اراکین اسمبلی کو گرفتار کرکے تشدد کا نشانہ بنایا گیا،آج تک لوگوں کے گھروں پر پولیس چھاپے ماررہی ہے، عوام پر ظلم کرنے والے افسران کو بے نقاب کرکے سزا دی جائے تاکہ کسی اور حکومت میں افسران ایسے واقعات سے گریز کریں، ان واقعات پر افسران کی من مانی سے عوام کو شدید تکلیف کا سامنہ رہتا ہے، لازم ہے کہ ان کے خلاف کارروائی ہو تاکہ ماضی میں ایسے واقعات کسی بھی حکومت میں رونما نہ ہوسکیں، اس معاملے پر کمیٹی اپنا بھرپور کردار کرے تاکہ آئندہ ایسے واقعات روکے جاسکیں۔