
راولپنڈی: (آئی پی ایس) سکیورٹی فورسز نے میران شاہ و گرد و نواح میں انٹیلی جنس معلومات پر کارروائیاں کرتے ہوئے مزید 21 دہشت گرد ہلاک کر دیئے۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کے مطابق سکیورٹی فورسز کی جانب سے انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیوں کے تسلسل میں خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ اور گرد و نواح میں خوارج کے متعدد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔
گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلوں میں بھارت کے حمایت یافتہ فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے مزید 21 خوارج ہلاک کر دیے گئے، جن میں چار اہم سرغنہ خالد رضا عرف سالار، مفتون، موسیٰ اور عمران عرف ایان بھی شامل ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والے یہ سرغنہ سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں اور معصوم شہریوں کے قتل سمیت متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں مطلوب تھے، ان کامیاب اور انتہائی مہارت سے انجام دی گئی کارروائیوں کے نتیجے میں اب تک مجموعی طور پر 48 خوارج ہلاک کیے جا چکے ہیں، جس سے علاقے میں سرگرم دہشت گرد نیٹ ورک کو بڑا دھچکا پہنچا ہے۔
ان ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے، یہ عناصر مختلف دہشت گرد کارروائیوں اور بے گناہ شہریوں کے قتل میں ملوث رہے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں باقی ماندہ خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سرچ آپریشنز جاری رہیں گے۔
وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ قومی ایکشن پلان کے تحت عزمِ استحکام کے وژن کے مطابق سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسدادِ دہشت گردی مہم پوری قوت سے جاری رہے گی تاکہ ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔





