بین الاقوامیٹاپ سٹوری

ایرانی فوج نے امریکی صدر کا آج ڈیل پر دستخط ہونے کا دعویٰ مسترد کر دیا

تہران:(آئی پی ایس) ایرانی فوج اور پاسدارانِ انقلاب نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس دعوے کو سختی سے مسترد کر دیا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ایران کے ساتھ امن معاہدے پر آج دستخط ہو جائیں گے۔

پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے جاری مؤقف میں کہا گیا ہے کہ ایرانی مذاکرات کار پہلے ہی واضح کر چکے ہیں کہ اتوار کے روز کسی بھی قسم کے معاہدے پر دستخط کا کوئی امکان موجود نہیں۔

بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ امریکی صدر کی جانب سے دیے گئے بیانات زمینی حقائق کے برعکس ہیں۔

ایرانی فوجی ذرائع کے مطابق ٹرمپ کی جانب سے معاہدے کی تقریب 14 جون کو رکھنے کا ذکر محض علامتی سیاسی پیغام ہے جس کا مقصد ذاتی تشہیر اور میڈیا توجہ حاصل کرنا ہے۔
تہران کا مؤقف ہے کہ اس نوعیت کے دعوے سنجیدہ سفارتی عمل کو نقصان پہنچاتے ہیں۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس سے قبل دعویٰ کیا تھا کہ ایران کے ساتھ امن معاہدہ آج طے پا جائے گا اور اس کے نتیجے میں آبنائے ہرمز کو تمام فریقین کے لیے کھول دیا جائے گا۔

ٹرمپ کے مطابق معاہدے کے بعد خطے میں کشیدگی میں کمی آئے گی اور صورتحال معمول پر آ جائے گی۔
انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ امریکہ ایران اور پورے مشرق وسطیٰ کے ساتھ مستقبل میں تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے اور امید ہے کہ یہ پورا عمل جلد اور آسانی سے مکمل ہوگا۔

تاہم ایران کی تازہ تردید کے بعد دونوں ممالک کے بیانات میں واضح تضاد سامنے آ گیا ہے۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker