
اسلام آباد(آئی پی ایس )مسلم لیگ (ن)کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ آئین توڑ کر بغاوت کرنے والوں کا آرٹیکل 6 کے تحت ٹرائل ہوگا اور سب کو عبرت کا نشان بنادیں گے۔شاہ محمود قریشی کے بیان پر اپنے ردعمل میں شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ عمران نیازی اور ان حواریوں نے آئین توڑا، بغاوت کی، آرٹیکل 6 کے تحت سب کا ٹرائل ہو گا ،عبرت کا نشان بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ سازش کی افسانہ نگاری شاہ محمود کی سرپرستی اور سہولت کاری سے ہوئی، جعلی خط کی تخلیق کے وہ مرکزی کردار بتائے جا رہے ہیں،
قوم تقریریں نہیں سننا چاہتی، عدالت جائیں اور ثبوت دکھائیں۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ شاہ محمود باہرباتیں کرنے کے بجائے کمرہ عدالت میں جائیں اور سوالات کے جواب دیں۔واضح رہے کہ شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ لگتا ہے اس اہم کیس کی آج آخری نشست ہوگی، ہمارے وکلا اپنے دلائل مکمل کریں گے۔شاہ محمود کا یہ بھی کہنا تھا کہ ڈپٹی اسپیکر نے کوئی بھی آئین شکنی نہیں کی، آئین کا حلف لے کر پارلیمان میں آئے تو آئین کو کبھی بھی نہیں توڑ سکتے، آئین سے ماورا قدم اٹھانا نہ ہماری سوچ ہے نہ ایسا کریں گے۔