تجارت

ملک میں رواں برس گندم کی پیداوار ہدف سے لاکھوں ٹن کم ہونے کا خدشہ

اسلام آباد(آئی پی ایس ) ملک میں کھاد کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے باعث گندم کی پیداوار میں 19 لاکھ ٹن کمی کا امکان ہے۔رواں برس ملک میں گندم کی پیداوار کا ہدف 2 کروڑ 89 لاکھ میٹرک ٹن لگایا گیا تھا تاہم نئے اعداد و شمار کے مطابق اب گندم کی پیداوار ہدف سے 2.5 فیصد کم ہوکر 2 کروڑ 68 لاکھ میٹرک ٹن کے آس پاس رہنے کا امکان ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ گندم کی پیداوار میں کمی کی وجہ کاشتکاروں تک کھاد کی رسائی میں مشکلات اور ناموافق موسمی حالات ہیں۔

کھاد کی قیمتوں اور غیر موسمی بارشوں کے حوالے سے حکومت کو پہلے ہی آگاہ کیا گیا تھا تاہم حکومتی سطح پر اس سلسلے میں پالیسی سازی نہیں کی جاسکی۔ایک جانب ملک میں گندم کی طلب کو پورا کرنے کے لیے اس اہم غذائی جنس کی درآمد پر اربوں ڈالر خرچ کئے جاتے ہیں تو دوسری جانب ملک کے غیر ملکی زرمبادلہ ذخائر میں بھی تیزی سے کمی آرہی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق کچھ دنوں میں مرکزی بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر میں 19 فیصد سے زائد کمی واقع ہوئی ہے۔ اور اس میں مزید کمی واقع ہوسکتی ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ موجودہ صورت حال میں آئندہ چند ماہ کے دوران پاکستان میں گندم کا بحران پیدا ہوسکتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker