تجارت

ایف پی سی سی آئی اور آئی سی سی آئی ایم اے کے درمیان دوطرفہ تجارت اور معاشی تعاون کے فروغ کے لیے معاہدے پر دستخط

اسلام آباد(آئی پی ایس) فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی ) اور ایران چیمبر آف کامرس، انڈسٹریز، مائنز اینڈ ایگریکلچر (آئی سی سی آئی ایم اے ) کے درمیان دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت اور معاشی تعاون کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم معاہدے (ایم او یو) پر دستخط ہو گئے ہیں۔ یہ معاہدہ اسلام آباد میں منعقدہ پاکستان ایران مشترکہ تجارتی کمیٹی (JTC) کے دسویں اجلاس کی اختتامی تقریب کے دوران طے پایا۔معاہدے پر صدر ایف پی سی سی آئی، صدر ای سی او چیمبر، سینئر نائب صدر سارک چیمبر اور ڈپٹی چیئرمین ایس سی او بزنس فورم عاطف اکرام شیخ اور آئی سی سی آئی ایم اے کے نائب صدر حسین پیرموذن نے دستخط کیے۔مشترکہ تجارتی کمیٹی کے اجلاس کی مشترکہ صدارت پاکستان کے وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور ایران کے وزیر برائے صنعت، کان کنی و تجارت ڈاکٹر محمد اتابک نے کی۔ دونوں فریقین نے دوطرفہ تجارتی و معاشی تعلقات کو وسعت دینے کے لیے تفصیلی گفتگو کی اور متعدد شعبوں میں اہم پیش رفت پر اتفاق کیا۔ اس کے علاوہ دونوں ممالک کی کاروباری برادری کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ایک جامع حکمت عملی پر بھی اتفاق کیا گیا۔ایف پی سی سی آئی اور آئی سی سی آئی ایم اے کے درمیان ہونے والے اس معاہدے کا بنیادی مقصد بارٹر تجارت کو فروغ دینا، بزنس ٹو بزنس (B2B) روابط کو مضبوط بنانا، صنعتی سرمایہ کاری کو بڑھانا اور نجی شعبے کی شمولیت کو ممکن بنانا ہے۔ مزید برآں، یہ معاہدہ سرحد پار تجارتی سرگرمیوں میں تیزی لانے کے لیے مشترکہ سرحدی منڈیوں کو فعال بنانے اور سابقہ تجارتی معاہدوں پر عمل درآمد میں سہولت فراہم کرنے پر زور دیتا ہے۔ تقریب میں ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر طارق خان جدون، ایف پی سی سی آئی کیپٹل آفس کے انچارج کریم عزیز ملک اور پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے شرکت کی۔ ایرانی وفد میں کرمان چیمبر کے صدر سید مہدی طبیب زادہ، زاہدان چیمبر کے صدر اور ایران پاکستان جوائنٹ چیمبر کے سربراہ عبدالرحیم ریگی میرجاوہ، خوراک کی صنعتوں کی کمیشن کے چیئرمین راشد عزیز پور، ایرانی شپنگ ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل مسعود پلمہ اور تہران چیمبر و دیگر کاروباری اداروں کے سینئر نمائندگان شامل تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عاطف اکرام شیخ نے اسلام آباد میں اس اجلاس کے انعقاد کو دونوں ممالک کے معاشی تعلقات میں ایک تاریخی سنگ میل قرار دیا۔ انہوں نے پاکستانی کاروباری برادری کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ دوطرفہ سالانہ تجارت کو 10 ارب امریکی ڈالر تک پہنچانے کے لیے اپنے ایرانی بھائیوں کے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے۔ انہوں نے سرحدی تجارتی مسائل کے حل کے لیے دونوں حکومتوں کے مرتب کردہ منصوبے کا خیرمقدم کیا اور دیرپا تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔ عاطف اکرام شیخ نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے درمیان یہ مضبوط تعاون خطے میں تجارتی، صنعتی اور معاشی شراکت داری کے نئے دروازے کھولے گا۔دو روزہ اجلاس کا اختتام دونوں وزرائے تجارت کی جانب سے باضابطہ مشترکہ یادداشت پر دستخط کے ساتھ ہوا، جس میں اجلاس کے تمام اہم فیصلوں کو حتمی شکل دی گئی۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker