
اسلام آباد(آئی پی ایس)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ انشااللہ او آئی سی کانفرنس ضرورکامیاب ہوگی جسے ناکام بنانے کے لئے ہندوستان دن رات کوشش کررہا ہے۔وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اڑتالیسویں اجلاس کے حوالے سے کہا ہے کہ جو پاکستان کے حاسد ہیں وہ اوآئی سی کانفرنس کامیاب ہوتے نہیں دیکھناچاہتے۔
انہوں نے کہا کہ او آئی سی اجلاس کی میزبانی کرنا پاکستان کے لیے بڑا اعزاز ہے اور ہم تمام ممالک سے اچھے تعلقات کے خواہش مند ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ ہندوستان اب بھی اوآئی سی کانفرنس کو ناکام بنانے کے لئے دن رات کوشش کررہا ہے ، انہیں خدشہ ہے کہ پاکستان اس کانفرنس میں مسئلہ کشمیر کو اٹھائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیر کے مسئلے کو اس کانفرنس میں جو اہمیت دی جائیگی وہ ماضی سے مختلف ہوگی، اس کانفرنس میں مسلم امہ کی توجہ کشمیر کی بگڑتی ہوئی صورتحال کی جانب مبذول کروانی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو کا او آئی سی سے متعلق بیان غیرذمہ دارانہ تھا، عوامی ردعمل کے بیان انہیں اپنا بیان واپس لینا پڑا تھا کیونکہ انہیں کانفرنس کے ایجنڈے کا علم نہیں ہے۔سیاسی صورتحال پر بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 27مارچ کواسلام آبادمیں عوام عمران خان کیساتھ کااعلان کرینگے اور جب تک عوام کااعتمادہے ہمیں کوئی گھبراہٹ نہیں ہے۔





