
اسلام آباد(آئی پی ایس )رکن ریجنل ایڈوائزری کونسل پاکستان تحریک انصاف اسلام آباد راجہ شیراز کیانی نے کہا ہے کہ 27 مارچ کا جلسہ ثابت کر دے گا کہ عمران خان واحد قومی لیڈر ہے جس پر قوم کو اعتماد ہے، انشااللہ اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کا دھڑن تختہ ہوگا۔
اوور سیز کنونشن میں شرکت کیلئے جانے والے کارکنان کی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے راجہ شیراز کیانی نے کہا کہ 27 مارچ کو اسلام آباد کا کوئی کونہ نہیں ہوگا جہاں سے وزیراعظم عمران خان پر اعتماد کا اظہار نہیں ہوگا، انشااللہ پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے جلسے کے انعقاد سے ایک مرتبہ پھر ثابت ہوجائے گا کہ ملک کی تمام اکائیوں کی نمائندہ ایک ہی جماعت ہے اور وہ ہے پاکستان تحریک انصاف
انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان پارٹی کا سب سے قیمتی اثاثہ ہیں جنہوں نے ہر دھوپ چھائوں میں پارٹی کے ساتھ وفاداری نبھائی ہے
شیراز کیانی نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کی طرف سے پارلیمنٹ میں جمع کروائی گئی عدم اعتماد کی تحریک کا دھڑن تختہ ہوگا یہ جتنا مرضی پیسہ لگا لیں ہمارے کارکن اور ہمارے لیڈرز نہ بکنے والوں میں سے ہیں وہ کبھی جھوٹ، فریب اور دھوکے کی سیاست کا حصہ نہیں بنیں گے
انہوں نے کہا کہ ہم سید پور یونین کونسل کی سب سے بڑی ریلی کے ذریعے 27 مارچ کے جلسے میں شریک ہونگے اور وزیراعظم عمران خان کی ملک اور عوام دوست پالیسیوں پر انہیں خراج تحسین پیش کریں گے۔