
اسلام آباد(آئی پی ایس)حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ اور امیر جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ کارکن 23 مارچ کو اسلام آباد کی طرف روانہ ہو جائیں۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی جانب سے اپوزیشن کی اعلیٰ قیادت کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا۔ لیگی صدر نے خود پیپلزپارٹی کے وفد کا استقبال کیا۔ پیپلز پارٹی کے وفد میں آصف زرداری، بلاول بھٹو، یوسف گیلانی، شیری رحمان اور دیگر شریک ہوئے۔
حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان بھی عشائیے میں شریک ہوئے، مولانا عبدالغفور حیدری، اکرم دُرانی و دیگر بھی ہمراہ تھے۔ عوامی نیشنل پارٹی کے امیر حیدر خان ہوتی، ایمل خان ولی، بی این پی (مینگل) کے سربراہ سردار اختر مینگل، جمعیت اہلحدیث کے ساجد میر، شفیق ترین، مبیر کبیر اور شاہاحمد نورانی نے بھی شرکت کی۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ متحدہ اپوزیشن کے قائدین کا مشترکہ اجلاس ہوا، اپوزیشن کی عدم اعتماد کی تحریک قومی امنگوں کی امین ہے، 23 مارچ کو کارکن اسلام آباد پہنچیں۔