واٹس ایپ کی جانب سے فارورڈ میسج لیبل دنیا بھر میں متعارف کرایا گیا تھا تاکہ لوگوں کو معلوم ہوسکے کہ یہ ان کے دوست نے خود لکھ کر نہیں بھیجا اور وہ اس کی صداقت جانچ کر آگے پھیلانے کا فیصلہ کریں۔
واٹس ایپ نے 2018 میں وائرل افواہوں کو پھیلنے سے روکنے کے لیے دنیا بھر میں اپنے تمام صارفین پر پیغامات آگے 20 افراد تک فارورڈ کرنے کی پابندی عائد کی تھی، جسے 2019 میں مزید کم کرکے 5 کردیا گیا تھا۔ اس سے پہلے دنیا کی مقبول ترین میسجنگ ایپلیکشن میں صارفین جتنے مرضی افراد اور گروپس کو پیغامات بیک وقت فارورڈ کرسکتے تھے۔ اب میٹا کی زیرملکیت میسجنگ ایپ نے میسجز فارورڈ کرنے کے حوالے سے مزید پابندیوں کے نفاذ کا فیصلہ کیا ہے۔
تازہ ترین اپ ڈیٹ کے مطابق واٹس ایپ کے اینڈرائیڈ بیٹا ورژن میں فارورڈ میسجز کی نئی حد کو متعارف کرایا گیا ہے۔ ابھی صارفین واٹس ایپ گروپس یا کسی انفرادی صارف کو میسج فارورڈ کرتے ہیں تو 5 بار کے بعد اس پر فارورڈڈ مینی ٹائمز کا لیبل آجاتا ہے۔
مگر اب واٹس ایپ کی جانب سے جب کسی میسج پر فارورڈڈ کا لیبل لگادے تو اس پیغام کو ایک وقت میں ایک گروپ چیٹ سے زیادہ میں فارورڈ نہیں کیا جاسکے گا۔ اگر آپ کو ایک سے زیادہ گروپس میں میسج فارورڈ کرنا چاہتے ہیں تو آپ کو یہ عمل کئی بار (جتنے گروپس کو بھیجنا چاہتے ہیں) کرنا ہوگا یعنی ان کو ایک، ایک کرکے بھیجنا ہوگا۔
اس پابندی کا اطلاق ان میسجز پر بھی ہوگا جن کو صرف ایک بار فارورڈ کیا گیا ہوگا۔ یعنی یہ سابقہ حد سے مختلف ہے اور متعدد صارفین کے لیے واٹس ایپ کا تجربہ متاثر ہوگا۔ مگر اس تبدیلی کا مقصد صارفین کے لیے محفوظ ماحول کو فراہم کرنا ہے اور اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ جعلی خبریں آسانی سے مت پھیلیں۔