تازہ ترینپاکستان

پاکستان افریقی ممالک کیساتھ معاشی شراکت داری کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے، حامد اصغر خان

اسلام آباد( آئی پی ایس )فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام پہلی پاک افریقہ رائونڈ ٹیبل کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے کی، کانفرنس میں پاکستان اور افریقی ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، اقتصادی تعاون اور کاروباری روابط کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ کانفرنس میں مراکش، زمبابوے، سوڈان، کینیا، ایتھوپیا سمیت مختلف افریقی ممالک کے سفرا، ہائی کمشنرز اور قونصل جنرلز نے شرکت کی۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل سیکریٹری وزارتِ خارجہ حامد اصغر خان نے کہا کہ پاکستان افریقی ممالک کے ساتھ تجارت اور معاشی تعاون کے فروغ کو خصوصی اہمیت دے رہا ہے۔ افریقی ممالک کے ساتھ اقتصادی روابط مضبوط بنانا پاکستان کی خارجہ پالیسی کی اہم ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان افریقی ممالک کے ساتھ باہمی مفاد پر مبنی معاشی شراکت داری کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے، جبکہ ان تعلقات کے فروغ میں نجی شعبے اور بزنس کمیونٹی کا کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ پاکستانی کاروباری برادری کو افریقی منڈیوں میں موجود مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔حامد اصغر خان نے کہا کہ حکومت پاکستان افریقہ کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے کاروباری برادری کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔ پاک افریقہ روابط کے فروغ کے لیے سفارتی اور تجارتی سطح پر مربوط کوششوں کی ضرورت ہے۔ ایف پی سی سی آئی کی پاک افریقہ رانڈ ٹیبل کانفرنس معاشی روابط کے فروغ کی اہم کاوش ہے۔

صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایف پی سی سی آئی افریقی ممالک کے ساتھ معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے متحرک ہے اور پاکستان و افریقہ کے درمیان تجارتی و معاشی تعلقات مزید مضبوط بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔انہوں نے کہا کہ افریقی خطہ پاکستان کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور حکومتی پالیسیاں بھی اس عزم کی عکاسی کرتی ہیں۔ ایف پی سی سی آئی پاکستان اور افریقہ کی بزنس کمیونٹی کے درمیان پل کا کردار ادا کرے گی۔عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ پاکستان کو افریقی مارکیٹ سے جوڑنے کے لیے بی ٹو بی اور چیمبر ٹو چیمبر روابط کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ پاکستان اور افریقہ کے درمیان سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے وسیع امکانات موجود ہیں، جبکہ افریقہ کی ابھرتی ہوئی معیشتیں مستقبل کی عالمی معیشت میں اہم کردار ادا کریں گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے زرعی، فارماسیوٹیکل، منرلز اینڈ مائنز، ٹیکنالوجی، فوڈ اور انفراسٹرکچر سمیت مختلف شعبوں کے لیے افریقی مارکیٹ میں وسیع سرمایہ کاری اور کاروباری مواقع موجود ہیں۔ پاکستان اور افریقہ کو ایک دوسرے کی بڑی آبادی، وسائل اور وسیع مارکیٹوں سے بھرپور استفادہ کرنا چاہیے۔صدر ایف پی سی سی آئی نے کہا کہ افریقی خطے کے پچاس سے زائد ممالک پاکستان کے لیے اہمیت کے حامل ہیں۔ پاکستان اور افریقہ کے درمیان معاشی روابط کو مزید مستحکم کرنے کے لیے عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔

ایف پی سی سی آئی افریقہ کے ساتھ تجارتی تعلقات بڑھانے اور نئے کاروباری مواقع تلاش کرنے میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔زمبابوے کے سفیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زمبابوے پاکستان کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کا خواہاں ہے۔ پاکستان اور زمبابوے کے درمیان تجارتی حجم بڑھانے کے وسیع امکانات موجود ہیں، جبکہ دونوں ممالک کی بزنس کمیونٹیز کے درمیان براہ راست روابط کو مزید فروغ دینا ہوگا۔ایتھوپیا کے سفیر عمر حسین اوبا نے کہا کہ بی ٹو بی روابط اور چیمبر ٹو چیمبر تعاون سے پاکستان اور افریقہ کے درمیان باہمی تجارت میں نمایاں اضافہ ممکن ہے۔ پاکستان اور افریقہ زراعت، صنعت، معدنیات اور ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھا سکتے ہیں۔عمر حسین اوبا نے کہا کہ ایتھوپیا پاکستانی کاروباری برادری کے لیے افریقہ میں نئے تجارتی و سرمایہ کاری مواقع فراہم کر سکتا ہے، جبکہ افریقی مارکیٹ پاکستانی کاروباری برادری کے لیے اہم مواقع کی حامل ہے۔

سوڈان کے سفیر نے ایف پی سی سی آئی کی پاک افریقہ اقتصادی روابط کے فروغ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور افریقہ کے درمیان تجارتی تعلقات کے فروغ کے لیے نجی شعبے کا کردار انتہائی اہم ہے۔ پاکستان اور سوڈان کے درمیان ٹیکسٹائل سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں، سوڈان پاکستان کے سرمایہ کاروں کو اپنے ملک میں خوش آمدید کہے گا۔کینیا کے سفیر نے کہا کہ پاکستان اور افریقی ممالک کے درمیان تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ پاکستان اور افریقی ممالک کی بزنس کمیونٹی کی سہولت کے لیے سہولت ڈیسک قائم کیا جانا چاہیے تاکہ کاروباری روابط اور تجارت کے فروغ میں آسانی پیدا ہو۔کانفرنس میں نائب صدر ایف پی سی سی آئی طارق خان جدون، چیئرمین کیپیٹل آفس کریم عزیز ملک سمیت بزنس کمیونٹی کی نمایاں شخصیات نے بھی شرکت کی۔ شرکا نے پاکستان اور افریقی ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور کاروباری روابط کے فروغ کے لیے مشترکہ اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔رانڈ ٹیبل کانفرنس کے موقع پر ایتھوپیا کے سال نو کی مناسبت سے کیک بھی کاٹا گیا۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker