کراچی(آئی پی ایس) صوبہ سندھ میں سی این جی کو آج دوبارہ بند کر دیا گیا ۔سوئی گیس حکام نے کراچی سمیت سندھ بھر میں سی این جی سیکٹر کو تین روز کیلئے بند رکھنے کا نوٹیفیکشن جاری کردیا ہے۔ایس ایس جی سی کے مطابق سی این جی سیکٹر 11 مارچ جمعے کی صبح 8 بجے سے پیر 14 مارچ صبح 8 بجے تک 72 گھنٹوں کیلئے بند رہیں گے۔
سوئی گیس حکام کا کہنا ہے کہ لوڈ مینجمنٹ پلان کے تحت سی این جی سیکٹر کو گیس بندش کا فیصلہ کیا گیا۔سوئی سدرن گیس کمپنی کے ترجمان کا اس حوالے سے یہ بھی کہنا تھا کہ گھریلوصارفین کی ضروریات پوری کرنے کیلئے سی این جی اسٹیشنز کی بندش کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل 4 مارچ کو ایس ایس جی سی نے سندھ بھر میں سی این جی 72 گھنٹوں کے لیے بند کی تھی۔یاد رہے کہ اس سے قبل ایس ایس جی سی نے کراچی سمیت سندھ بھر میں سی این جی اسٹیشنز کو ڈھائی ماہ کے لیے بند کردیا تھا۔