
اسلام آباد، وفاقی ترقیاتی ادارے (سی ڈی اے) انتظامیہ کی ہدایت پر اسلام آباد کے علاقے غوری ٹائون میں شعبہ بلڈنگ کنٹرول (سائوتھ)نے جمعہ کے روز ضلعی انتظامیہ اور اسلام آباد پولیس کی معاونت سے متعدد کارروائیاں کیں جسمیں غیر قانونی تعمیرات اور بلڈنگ بائی لاز کی خلاف ورزی پر مالکان کو نوٹسز اور عمارات کو سیل بھی کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق غوری ٹائون کے علاقے میں 17 کمرشل عمارتوں کو بلڈنگ بائی لاز کی خلاف ورزی پر سیل کردیا گیا جبکہ کئی زیر تعمیر عمارتوں کو بلڈنگ بائی لاز کی خلاف ورزی پر نوٹسز بھی جاری کئے گئے اور تعمیراتی کام کو روک دیا گیااسلام آباد میں ماسڑ پلان پر عملدرآمد کروانے کے لئے سی ڈی اے انتظامیہ کی ہدایت پر مالکان کو شعبہ بلڈنگ کنٹرول سے رہائشی و کمرشل تعمیرات کے لئے تحریری اجازت نامہ حاصل کرنا ہوگا، بصورت دیگر تعمیراتی کام روک دیا جائے گا جبکہ اسلام آباد میں ماسڑ پلان پر سختی سے عملدرآمد کروانے کے احکامات سی ڈی اے انتظامیہ کی جانب سے شعبہ بلڈنگ کنٹرول کو بھی دے دیئے گئے ہیں اور تاکید بھی کی گئی ہے کہ اسلام آباد میں سی ڈی اے کے قواعد و ضوابط 2005 کے مطابق عملدرآمد کروایا جائے ،اس موقع پر سی ڈی اے انتظامیہ کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کو تجاوزات، غیر قانونی تعمیرات اور بلڈنگ بائی لاز کی خلاف ورزی سے پاک شہر بنانے کے لئے انسداد تجاوزات مہم تسلسل کے ساتھ جارہی گی انکا مزید کہنا تھا کہ سرکاری اراضی کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے اور قبضہ مافیا سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی اور ان اقدامات کا مقصد شہریوں کی سرمایہ کاری کو محفوظ بنانا ہے ۔واضح رہے گزشتہ کئی ماہ سے سی ڈی اے بلڈنگ بائی لاز، تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف مسلسل آپریشن آپریشن کرنے میں مصروف ہے جس سے اربوں روپے کی سرکاری اراضی واگزار کرائی جاچکی ہے۔