
اسلام آباد، وفاقی ترقیاتی ادارے(سی ڈی اے) کے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی لہتراڑ روڈ سے تجاوزات کیخلاف آپریشن جاری،متعدد غیرقانونی اسٹالز اور دیگر تجاوزات مسمار،تجاوزات کنندگان کا 4 ٹرک سامان ضبط کر لیا گیا ۔
تفصیلات کے مطابق سی ڈی اے کے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے لہتراڑ روڈ کے اطراف سے تجاوزات کو ختم کرنے کیلئے جاری مہم کے دوران بدھ کے روز بھی گرینڈ آپریشن کیا۔ اس موقع پر ضلعی انتظامیہ کے افسران اور پولیس کی بھاری نفری سی ڈی اے عملے کی معاونت کیلئے موجود تھی،یہ آپریشن لہتراڑ روڈ پر ترلائی سے شروع کیا گیا جو کہ پراچہ چوک تک جاری رہا، اس آپریشن کے دوران متذکرہ روڈ کے دونوں اطراف قائم تجاوزات کو ہٹایا گیا جبکہ دوکانوں کے باہر قائم 17 غیر قانونی شیڈز، 2آہنی جنگلے، 7کھوکھے، 22سائن بورڈز، 3 دیواریں اور 5 کائونٹر اسٹالز بھاری مشینری کی مدد سے مسمار کئے گئے۔ علاوہ ازیں اس آپریشن میں تجاوزات کنندگان کا 4 ٹرک سامان بھی ضبط کیا گیا۔ اس موقع پر سی ڈی اے انتظامیہ کا کہنا تھا کہ لہتراڑ روڈ سے تجاوزات پر قابو پانے کے لئے انسدادِ تجاوزات مہم کا دائرہ کار وسیع کیا جا رہا ہے اور بلا تفریق کارروائیاں جاری رہیں گی۔