
اسلام آباد،وفاقی ترقیاتی ادارے(سی ڈی اے)کے چیئرمین عامر علی احمد نے جمعہ کے روز صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سمیت دیگر متعلقہ افسران کے ہمراہ ایف سکس مرکز سپر مارکیٹ کا دورہ کیا،چیئرمین سی ڈی اے نے سپر مارکیٹ میں جاری ترقیاتی کاموں میں ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور متعلقہ شعبہ جات کو کام کی رفتار کو مزید تیز کرنے کی ہدایت بھی جاری کیں۔
مزیدبرآں صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے تیزی سے جاری ترقیاتی کاموں پر چیئرمین سی ڈی اے اور انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ موجودہ سی ڈی اے انتظامیہ کی خصوصی کاوشوں سے اسلام آباد میں کاروبار کو مزید فروغ ملے گا۔ اس موقع پر تاجر برادری نے سی ڈی اے انتظامیہ کو مزید گذارشات سے بھی آگاہ کیا جسکو انتظامیہ کی جانب سے جلد از جلد مکمل کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی گئی ۔واضح رہے ایف سکس مرکز سپر مارکیٹ میں دو سٹ آئوٹ ایریاز کی بحالی کا کام مکمل کرلیا گیا ہے جبکہ لین مارکنگ، ڈرینج، سٹریٹ لائٹس، فٹ پاتھ ورک سمیت دیگر ترقیاتی کام تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے نے معیشت اور کاروبار کے فروغ کے لئے متعلقہ افسران کو ہدایت جاری کیں کہ شہریوں بالخصوص تاجر برادری کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں اور اسلام آباد کی تمام مارکیٹس کو ماڈل مارکیٹس کا درجہ دیا جائے اور تمام ترقیاتی کاموں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔