
اسلام آبا د،نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان وسابق ممبر قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی آرڈیننس کو مسترد کر تے ہو ئے اسے آزادی صحا فت کا گلہ گھونٹنے کے مترادف قرار دیا ہے ،انھوں نے کہا میڈیا کی حقیقی معنوں میں آزادی کے بغیرپائیدار جمہوریت کا تصور ممکن نہیں ،پاکستان میں اس طرح کے ہتھکنڈوں سے میڈیا اور صحا فیوں کو کنٹرول کرنے کی منصوبہ بندی ملکی آئین قانون اور میڈیا کی آزاد ی کے صریحا خلاف ہے ، انھوں نے کہا وزیر اعظم میڈیا کی آزادی کے حوالے سے اپنی گذشتہ تقاریر خود بھی سنیں اور وزیر اطلاعات فواد چو ہدری کو بھی سنائیں ، ان خیالات کا اظہار انھوں نے مختلف صحا فتی تنظیموں کی جانب سے پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی مجوزہ بل کے خلاف پارلیمنٹ ہاوس کے سامنے منعقدہ احتجاجی دھر نے کے شر کا سے خطاب کر تے ہو ئے کیا ۔
اس موقع پر جماعت اسلامی اسلام آباد کے سیکرٹری اطلاعات سجاد احمد عباسی بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ میاں محمد اسلم نے کہا جماعت اسلامی پاکستان میں میڈیا کے حقوق کی علمبردار ہے اور اس حوالے سے ہمارے ممبران پارلیمنٹ نے کئی بل بھی پیش کیے، پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی آرڈیننس پرنٹ ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا کی آئینی آزادی کو دبانے کے لیے ایک ڈریکونین ،آمرانہ ، جابرانہ قانون ہے ، جماعت اسلامی کسی بھی قیمت پرمیڈ یا کے آئینی حقوق غصب کرنے کی اجازت نہیں دے سکتی ، انھوں نے حکو مت سے مظالبہ کیا کہ وہ اس کالے قانون پرمبنی بل کو فوری طور پر واپس لے ۔