اسلام آباد(آئی پی ایس ) وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے قومی خبر رساں ادارہ اے پی پی اور کیوبا کی نیوز ایجنسی پرینسا لیٹینا کے مابین مفاہمت کی یادداشت پر دستخطوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ایک اہم اور تاریخی دن ہے، کیوبا اور پاکستان کی نیوز ایجنسیوں کے مابین خبروں کے تبادلے سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے، دونوں خبر رساں اداروں کو معاہدے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔چوہدری فواد حسین نے کہا کہ ہم نے وزارت اطلاعات کے ایکسٹرنل پبلسٹی ونگ کو جدید دور کے تقاضوں کے مطابق ہم آہنگ کیا ہے، وزارت اطلاعات کے ایکسٹرنل پبلسٹی ونگ نے اب تک غیر ملکی میڈیا کو 250 ویزے اور 85 بارڈر کراسنگ این او سیز جاری کیں۔انہوں نے کہا کہ سینکڑوں صحافی کابل میں پھنسے ہوئے تھے جنہیں انخلامیں مدد فراہم کی گئی، کابل سے صحافیوں کے انخلاکی کوششوں میں کابل میں موجود ہمارے سفارتی عملہ نے گراں قدر خدمات انجام دیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ افغانستان سے غیر ملکی شہریوں کے انخلاسے متعلق پاکستان کی کوششوں کو عالمی میڈیا پر سراہا جا رہا ہے، انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر پاکستان افغان عوام کی ہر ممکن مدد کرے گا، ہم اس بحران میں افغان عوام کو تنہانہیں چھوڑیں گے۔چوہدری فواد حسین نے کہا کہ افغانستان تک رسائی کے لئے پاکستان اہم کوریڈور ہے، وزیراعظم کی ہدایات کے تحت حکومت اور وزارت اطلاعات افغانستان سے غیر ملکی شہریوں کے انخلامیں بھرپور مدد کر رہے ہیں، اس وقت ہمارا ایک سی ون تھرٹی طیارہ کابل میں موجود ہے، ہم کوشش کر رہے ہیں کہ افغانستان میں انسانی المیہ پیدا نہ افغانستان کے عوام کو یقین دلانا چاہتے ہیں کہ پاکستان ان کی ہر ممکن مدد کرے گا۔چوہدری فواد حسین نے کہا کہ پاکستان کیوبا کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے جو باہمی اعتماد، احترام اور دیرینہ دوستی پر مبنی ہیں، دونوں ممالک ایک دوسرے کو درپیش مسائل اور چیلنجز کو بخوبی سمجھتے ہیں۔اس موقع پر کیوبا کے سفیر نے کہا کہ جعلی نیوز کا مسئلہ کیوبا کو بھی درپیش ہے، اے پی پی کے ساتھ خبروں کے تبادلہ سے دونوں ممالک کے درمیان اطلاعات کے شعبہ میں تعلقات مزید مستحکم ہوں گے، کابل سے غیر ملکیوں کے انخلامیں مدد کرنے پر پاکستان کے شکر گذار ہیں۔سفیر کیوبا نے کہا کہ افغان عوام کے لئے خوراک اور ادویات کا سلسلہ شروع کرنا قابل ستائش ہے، مفاہمت کی یادداشت پر کیوبا کے سفیر زینئر جیویئر کیرو گونزیلز اور قومی خبر رساں ادارہ ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان کے منیجنگ ڈائریکٹر مبشر حسن نے دستخط کئے۔اس موقع پر وفاقی سیکریٹری اطلاعات شاہیرہ شاہد اور وزارت کے دیگر اعلی افسران بھی موجود تھے۔
Related Articles
پی ٹی آئی احتجاج: مظاہرین کا مرچوں والے پانی اور پھینٹی سے استقبال کا منصوبہ
جمعرات, 21 نومبر, 2024
توہین الیکشن کمیشن کیس: عمران خان کو اگلی سماعت پر حاضری یقینی بنانے کی ہدایت
جمعرات, 21 نومبر, 2024
آڈیوز لیک کیس؛ نیا کمیشن بنا تو یہ مقدمہ غیر مؤثر ہو جائے گا، جسٹس امین الدین
جمعرات, 21 نومبر, 2024