پاکستان

ای سی او ممالک تجارت اور سرمایہ کاری کے وسیع امکانات سے فائدہ اٹھائیں، عاطف اکرام شیخ

اسلام آباد: صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) و صدر ای سی او چیمبر آف کامرس عاطف اکرام شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان میں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے وزرائے خارجہ اجلاس کا انعقاد علاقائی اقتصادی تعاون کے فروغ اور پاکستان کی اقتصادی سفارت کاری کے لیے اہم پیش رفت ہے۔

اپنے بیان میں عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ ای سی او رکن ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں، جنہیں عملی شکل دینے کی ضرورت ہے۔ پاکستان کا ای سی او کی صدارت سنبھالنا علاقائی تجارت کے فروغ اور اقتصادی روابط کو مضبوط بنانے کا اہم موقع ہے۔

انہوں نے کہا کہ ای سی او ممالک باہمی تجارت میں حائل رکاوٹیں دور کرکے معاشی ترقی کی نئی راہیں کھول سکتے ہیں۔ پاکستان وسطی ایشیا اور جنوبی ایشیا کے درمیان تجارتی رابطوں کا اہم مرکز بننے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔

عاطف اکرام شیخ کا کہنا تھا کہ علاقائی شاہراہوں، ریل رابطوں اور تجارتی راہداریوں کی بحالی سے رکن ممالک کی معیشتوں کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔ ای سی او ممالک کی کاروباری برادری کو قریب لانے اور مشترکہ اقتصادی سرگرمیوں کے فروغ میں نجی شعبے کا کردار انتہائی اہم ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ ای سی او رکن ممالک مشترکہ سرمایہ کاری، صنعتی تعاون اور برآمدات کے فروغ کے لیے مؤثر حکمت عملی اپنائیں تاکہ خطے میں اقتصادی ترقی کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکیں۔

صدر ای سی او چیمبر آف کامرس نے کہا کہ ای سی او چیمبر علاقائی کاروباری روابط اور مشترکہ اقتصادی منصوبوں کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرے گا۔ اسلام آباد میں وزرائے خارجہ اجلاس پاکستان کی اقتصادی سفارت کاری اور علاقائی اہمیت کا مظہر ہے۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker