تجارتتازہ ترین

قطری سرمایہ کار توانائی، آئی ٹی، زراعت اور سیاحت میں سرمایہ کاری کریں، صدر ایف پی سی سی آئی

اسلام آباد: صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے اسلام آباد میں قطر کے سفارت خانے کا دورہ کیا جہاں انہوں نے قطر کے سفیر علی مبارک علی عیسیٰ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور قطر کے درمیان تجارتی، معاشی، سرمایہ کاری اور کاروباری تعلقات کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ پاکستان اور قطر کے سیاسی، سفارتی، سماجی اور معاشی تعلقات دونوں ممالک کے لیے باعثِ فخر ہیں۔ انہوں نے علاقائی صورتحال اور خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان اور قطر کی قیادت کے مثبت کردار اور تاریخی تعلقات کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

صدر ایف پی سی سی آئی نے قطری سرمایہ کاروں کو پاکستان کے توانائی، انفراسٹرکچر، زراعت، آئی ٹی، سیاحت اور دیگر اہم شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ ایف پی سی سی آئی دونوں ممالک کے نجی شعبے کے درمیان روابط مزید مضبوط بنانے کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرے گی۔

اس موقع پر قطری سفیر علی مبارک علی عیسیٰ نے پاکستان اور قطر کے باہمی تعلقات کے فروغ کے لیے عاطف اکرام شیخ کی کاوشوں کو سراہا اور دونوں ممالک کی کاروباری برادری کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔

ملاقات کے دوران عاطف اکرام شیخ نے سابق امیرِ قطر شیخ حماد بن خلیفہ الثانی کے انتقال پر دلی تعزیت اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پاکستان اور قطر کے برادرانہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں تاریخی کردار ادا کیا۔ انہوں نے قطری سفیر کے والد کے انتقال پر بھی اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے مرحومین کے لیے دعائے مغفرت کی۔

ملاقات میں ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر طارق جدون اور چیئرمین کیپیٹل آفس کریم عزیز ملک بھی شریک تھے۔ دونوں فریقین نے پاکستان اور قطر کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور کاروباری تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker