
فتح جنگ (آئی پی ایس) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے عوامی خدمت کے وژن اور ضلعی انتظامیہ کی ہدایات کے تحت فتح جنگ میں شہری سہولیات کی بہتری، مہنگائی کنٹرول اور سرکاری امور میں شفافیت یقینی بنانے کے لیے سخت اقدامات جاری ہیں۔ تحصیلدار چوہدری شفقت محمود نے بدعنوانی اور غفلت پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپناتے ہوئے ایک اہلکار کو فوری معطل کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق بازاروں میں سرکاری ریٹ لسٹوں کی فراہمی اور ان پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ذمہ داری اہلکار شاہد حمید کے سپرد کی گئی تھی، تاہم شکایات موصول ہوئیں کہ مذکورہ اہلکار نے بعض دکانداروں اور ریڑھی بانوں سے مبینہ سازباز کرتے ہوئے سرکاری نرخ نامے ہٹانے، ناجائز فوائد حاصل کرنے اور سرکاری احکامات نظر انداز کرنے جیسے سنگین اقدامات کیے۔ ذرائع کے مطابق اس مبینہ کرپشن اور غفلت کے باعث شہریوں کو مہنگی اور غیر معیاری اشیائے خوردونوش خریدنے پر مجبور ہونا پڑا۔
معاملہ سامنے آتے ہی تحصیلدار چوہدری شفقت محمود نے فوری اور سخت ایکشن لیتے ہوئے اہلکار شاہد حمید کو معطل کر دیا، اس کی تنخواہ روکنے کے احکامات جاری کیے اور مکمل انکوائری کا حکم دے دیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ انکوائری رپورٹ جلد تیار کر کے اعلیٰ حکام کو ارسال کی جائے گی تاکہ مزید کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
ادھر انتظامی معاملات کو بہتر بنانے اور مارکیٹ کنٹرول نظام کو مؤثر بنانے کے لیے صابر قیوم کو نئی ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں، جو بازاروں میں سرکاری ریٹ لسٹوں پر عملدرآمد، قیمتوں کی نگرانی اور عوامی شکایات کے فوری ازالے کو یقینی بنائیں گے۔
تحصیلدار چوہدری شفقت محمود خود بھی فیلڈ میں متحرک رہتے ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر بازاروں، سرکاری دفاتر اور عوامی امور کی نگرانی کرتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا ہے کہ عوامی خدمت میں کسی قسم کی غفلت، بدعنوانی، نااہلی یا عوامی استحصال ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا، اور ایسے عناصر کے خلاف بلاامتیاز سخت کارروائی جاری رہے گی۔ شہری حلقوں نے تحصیلدار کے اس فوری اقدام کو سراہتے ہوئے اسے عوامی مفاد میں اہم قدم قرار دیا ہے۔





