
مجوزہ قانون سازی ضلعی سطح کے چیمبرز آف کامرس ، ادارہ جاتی ڈھانچے کو ختم اور ضلعی معیشتوں کو تباہ کردیگی، عاطف اکرام شیخ
اس اقدام نے ملک بھر کی تاجر برادری کو خوف میں مبتلا کر دیا ہے، ضلعی چیمبرز کو کام جاری رکھنے کی اجازت دی جائے، مطالبہ
اسلام آباد (آئی پی ایس)ٹریڈ آرگنائزیشن رولز میں ترمیم ،مجوزہ قانون سازی پر صدر ایف پی سی سی آئی نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام نے ملک بھر کی تاجر برادری کو خوف میں مبتلا کر دیا ہے،بزنس کمیونٹی کو ٹریڈ آرگنائزیشن رولز 2013ترمیمی بل پر شدید تحفظات ہیں ۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے پارلیمنٹ میں پیش ٹریڈ آرگنائزیشن رولز ترمیمی بل پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اندرونی و بیرونی تجارتی رکاوٹوں اور دباو کی وجہ سے کاروباری ماحول پہلے ہی متزلزل ہے، اپنی آواز اٹھانے کیلئے چیمبرز آف کامرس کاروباری برادری کی آخری پناہ گاہ ہیں ، مجوزہ قانون سازی ضلعی سطح کے چیمبرز ، ادارہ جاتی ڈھانچے کو ختم ، ضلعی معیشتوں کو تباہ کردیگی، ضلعی چیمبرز مقامی معیشتوں کی تشکیل اور ملکی اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔عاطف اکرام شیخ نے مزید کہا کہ تجارتی اداروں کی ایسی کوئی بھی قید دیہی برآمدات پر مبنی کاروبار کو نمائندگی سے خارج کر سکتی ہے، ٹریڈ آرگنائزیشن رولز 2013میں ترمیم سے بزنس کمیونٹی کی حوصلہ شکنی اور مایوسی ہوگی،ترمیم سے خواتین اور ایس ایم ایز کی نمائندگی کرنے والے تجارتی اداروں پر شدید اثرات پڑیں گے، پارلیمنٹ میں پیش کئے گئے اس بل کو مسترد ، ضلعی چیمبرز کو کام جاری رکھنے کی اجازت دی جائے۔





