اسلام آباد

مارکیٹیوں کی تعمیر و مرمت کا کام،سی ڈی اے اور آئی سی سی میں تعاون پر گفتگو

اسلام آباد :اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری کی قیادت میں ایک وفد نے سی ڈی اے بورڈ ممبران سے ملاقات کی اور اسلام آباد کی مارکیٹوں میں ترقیاتی کام شروع کرنے کے امور پر ان کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔ سی ڈی اے کے ممبر پلاننگ اینڈ ڈیزائن وسیم حیات باجوہ نے اجلاس کی صدارت کی۔ سی ڈی اے کے ممبر فنانس سید مظہر حسین شاہ، ممبر انجینئرنگ سید منور شاہ، ممبر انوائرمنٹ کیپٹن (ریٹائرڈ) انوارالحق، ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل انفورسمنٹ شاہ جہاں، ڈائریکٹر میونسپل ایڈمنسٹریشن یاسر فرہاد اور خزانہ کے ہیڈ میاں طارق لطیف اجلاس میں موجود تھے۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ سی ڈی اے چیئرمین نورالامین مینگل کے مشکور ہیں کہ وزیراعظم پاکستان کی ہدایت پرسی ڈی اے اب مارکیٹوں میں ترقیاتی کاموں پر توجہ دے رہی ہے اور اس سلسلے میں سٹیک ہولڈرز سے تجاویز لی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ عرصہ دراز سے مارکیٹوں میں ترقیاتی کام نہ ہونے کی وجہ سے ان کی حالت خستہ ہوتی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مارکیٹوں میں پارکنگ پلازوں کی تعمیر سڑکوں کی کارپٹنگ، پرانے سیوریج نظام کی تبدیلی، نکاسی آب کے مسائل، واٹر فلٹریشن پلانٹس، سٹریٹ لائٹس فٹ پاتھوں کی مرمت اور پبلک ٹوائلٹس کی تعمیر کی ضرورت سمیت دیگر ترقیاتی کاموں کی ضرورت ہے اور اس امید کا اظہار کیا کہ سی ڈی اے چیمبر اور متعلقہ مارکیٹ ایسوسی ایشن کی مشاورت سے ان مسائل کو جلد حل کرنے پر توجہ دے گی۔

انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں ایف سکس مرکز، ایف سیون مرکز، جی نائن مرکز، آبپارہ مارکیٹ، میلوڈی مارکیٹ، بلیو ایریا، ایف ٹین مرکز اور آئی ایٹ مرکز میں ترقیاتی کاموں کا آغاز کیا جائے اور اس عمل کو بتدریج دیگر مارکیٹوں تک بڑھایا جائے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ چیمبر اور مارکیٹ ایسوسی ایشنز اس سلسلے میں سی ڈی اے کے ساتھ ہرممکن تعاون کریں گی۔وفد سے خطاب کرتے ہوئے سی ڈی اے کے ممبر پلاننگ اینڈ ڈیزائن وسیم حیات باجوہ نے کہا کہ چیمبر نے جن مارکیٹوں کی نشاندہی کی ہے پہلے مرحلے میں ان میں ترقیاتی کام شروع کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں سٹیک ہولڈرز کی مشاوت سے ترقیاتی منصوبوں کو حتمی شکل دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہر مارکیٹ سے سی ڈی اے کیلئے ایک بااختیار فوکل پرسن نامزد کیا جائے جس کی مشاورت سے متعلقہ مارکیٹ میں کارپٹنگ اور سیوریج نظام کی تبدیلی سمیت دیگر ترقیاتی کاموں کو آگے بڑھایا جائے۔ انہوں نے مارکیٹوں سے تجاوزات کو ختم کرنے کے امور پر بھی وفدکے ساتھ تبادلہ خیال کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ اس مسئلے کو بھی باہمی مشاورت سے حل کیا جائے گا۔چیمبر کے گروپ لیڈر خالد اقبال ملک نے کہا کہ موجودہ چیئرمین سی ڈی اے کا رویہ بہت مثبت ہے اور انہوں نے چیمبر کے حالیہ دورے کے موقع پر چیمبر کے بہت سے دیرینہ مطالبات کو حل کرنے کا عندیہ دیا ہے جو بہت خوش آئند ہے۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ سی ڈی اے حکام مارکیٹوں کو جدید خطوط پر ترقی دینے کیلئے کاموں کو تیزی سے آگے بڑھائیں گے تا کہ اسلام آباد کو کاروبار اور سرمایہ کاری کے لحاظ سے ملک کا ایک مثالی شہر بنایا جا سکے۔چیمبر کے سابق صدر محمد اعجاز عباسی نے کہا کی سی ڈی اے نے کروڑوں روپے خرچ کر کے جناح سپر مارکیٹ میں ایک انڈر گرانڈ پارکنگ تعمیر کی ہے لیکن وہاں لائٹس نہ ہونے کی وجہ سے اس پارکنگ کو ابھی تک قابل استعمال نہیں بنایا گیا لہذا ا نہوں نے مطالبہ کیا کہ سی ڈی اے پارکنگ کو قابل استعمال بنانے کیلئے جلد اقدامات کرے۔

ایف سکس سپر مارکیٹ کے صدر شہزاد شبیر عباسی، ایف سیون جناح سپر کے صدر اسد عزیز اور سیکرٹری جنرل عبدالرحمن صدیقی، ایف ٹین مرکز کے صدر احمد خان، بلیو ایریا کے صدر راجہ حسن اختر، آئی ایٹ مرکز کے سیکرٹری جنرل زاہد قریشی، آبپارہ مارکیٹ کے سیکرٹری جنرل اختر عباسی اور جی نائن مرکز کے سیکرٹری جنرل رانا ظفر، چیمبر کے سابق سینئر نائب صدر خالد چوہدری سمیت دیگر وفد میں شامل تھے اور انہوں نے اپنی اپنی مارکیٹوں میں ترقیاتی کاموں کے بارے میں سی ڈی اے حکام کو مفید تجاویز دیں۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker