پشاور :
خیبر پختون خوا اسمبلی کے سپیکر بابر سلیم سواتی نے کہا ہے کہ موجودہ معاشی صورت حال کے تناظر میں پاکستان اور چین کی دوستی دونوں ملکوں کی معاشی و اقتصادی ترقی اور خوش حالی کے لئے انتہائی اہمیت کی حامل ہے اور ہمیں برادر ہمسایہ ملک چین سے زندگی کے ہر شعبہ میں سیکھنے اورفائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں قائم چینی ثقافتی مرکز چائنہ ونڈو کے دورہ اور ڈریگن بوٹ فیسٹویل کی تقریب سے خطاب میں کیا۔خیبر پختون خوا سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چئیرمین انجینئر سید محمود اور پشاور پریس کلب کے صدر ارشد عزیز ملک بھی اس موقع پر موجود تھے۔
سپیکر بابر سلیم سواتی نے اسٹیٹ آف دی آرٹ ثقافتی مرکز کی مختلف گیلریاں دیکھیں، فرینڈ شپ وال پر دست خط اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کئے۔
ڈریگن بوٹ فیسٹویل کی تقریب سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کی دوستی ہمالیہ سے بلند، سمندروں سے گہری اور شہد سے میٹھی ہے جبکہ آجکل ہم دونوں ممالک آئرن برادرز کی اصطلاح استعمال کر رہے ہیں۔ ہماری مضبوط اور قابل فخر دوستی کی کئی وجوہات ہیں جن میں ایک دونوں ملکوں کا ایک دوسرے کے مفادات کا تحفظ اور دوسرا ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کے کام آنا ہے۔ چین نے ہر آڑے وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے اور پاکستان نے بھی اپنے عظیم دوست کو کبھی پیچھے نہیں چھوڑا تاہم اب وقت کا تقاضا ہے کہ ہم چین کی ترقی سے سبق سیکھیں اور پاکستان کی معاشی ترقی اور عوام کی خوش حالی کے لئے چین کے تجربات سے فائدہ اٹھائیں۔
بابر سلیم سواتی نے سی پیک کے دوسرے مرحلہ کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ امر بھی لائق ستائش ہے کہ چین اب تک سی پیک منصوبوں میں 26 ارب ڈالرز کی سرمایہ کار چکا ہے اور توقع ہے کہ مزید 40 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری ہو گی۔ خٰبر پختون خوا میں پن بجلی، رشکئی اکنامک زون سمیت دیگر منصوبوں سے لاکھوں لوگوں کو روزگار بھی حاصل ہو گا۔سپیکر خیبر پختون خوا اسمبلی نے کہا کہ چینی زبان کی اہمیت اور افادیت سے کسی بھی طور انکار نہیں کیا جا سکتا اور سی پیک کے تحت جو منصوبے لگائے جائیں گے ان میں چینی زبان سیکھنے والے نوجوانوں کو زیادہ مواقع ملیں گے
اس حوالے سے چائنہ ونڈو کی انتظامیہ مبارکباد کی مستحق ہے جو مفت چینی زبان سکھانے کا کورس منعقد کرتی ہے۔انہوں نے ڈریگن بوٹ فیسٹویل کی مناسبت سے تقریب کے انعقاد کو خوش آئندہ قرار دیا اور کہا کہ اپنے چینی بھائیوں اور بہنوں کی خوشیوں میں شریک ہونا لائق ستائش اقدام ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انہیں چائنہ ونڈو کا دورہ کر کے بہت خوشی ہوئی ہے کیونکہ یہ سنٹر پاکستان اور چین کے درمیان نہ صرف دوستی میں اپنا مثبت اور تعمیری کردار ادا کر رہا ہے بلکہ پشاور سمیت صوبے بھر کے عوام کو چینی ثقافت سے آگہی کا ذریعہ بھی ہے۔
قبل ازیں تقریب سے خطاب میں خیبر پختون خوا سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چئیرمین انجینئر سید محمود اور پشاور پریس کلب کے صدر ارشد عزیز ملک نے کہا کہڈریگن بوٹ فیسٹویل سمیت اہل چین مختلف تہوار انتہائی جوش و خروش کے ساتھ مناتے ہیں اور پشاور میں منعقد ہونے والی تقریب سے بلاشبہ اہل چین کو یہ پیغام ملے گا کہ پشاور اور خیبر پختون خوا کے عوام بھی ان کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں۔
انہوں نے اس یقین کا اظہار بھی کیا کہ ایسی تقریبات پاک چین دوستی کو مزید مضبوط کرنے کا زریعہ بھی بنیں گی۔اس موقع پر مہمانوں کو ڈریگن بوٹ فیسٹویل سے متعلق دستاویزی فلمیں بھی دکھائی گئیں