
راولپنڈی:چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے میڈیا ایڈوائزر فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ ملک کی اہم تنصیبات کو گروی رکھ کر قرضہ حاصل کیا جارہا ہے،حکومت بتائے آئی ایم ایف سے کن شرائط پر قرضہ لیا جارہا ہے، لوگوں سے کچن نہیں چل رہا اور وزیر خارجہ میرے اور آپ کے ٹیکسز سے باہر کے دوروں پر ہیں۔
صادق آباد راولپنڈی میں مہنگائی کیخلاف نکالی گئی احتجاجی ریلی سے خطاب میں فیاض الحسن چوہان کا مزید کہنا تھا کہ پی ڈی ایم حکومت نے اپنے11 ماہ میں مہنگائی کا پہاڑ کھڑا کردیا ہے حتی کہ آج نان 25 اور روٹی 20 روپے کی ہوگئی ہے، پاکستان کا جی ڈی پی گروتھ رہٹ 6 فیصد تھا آج مائنس پر چلا گیا ہے، پاکستان کی 75 سالہ تاریخ میں عمران خان نے 61 سو ارب کا ٹیکس اگھٹا کیا،جو کہتے تھے خوشحالی آئے گی اب خوشحالی رہی نہیں۔
لوگ خودکشیاں کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں، عمران خان اور پی ٹی آئی کو راستے سے ہٹانے کیلئے یہ سارا ڈرامہ رچایا گیا،انہیں نہیں معلوم تھا ہاتھی زندہ ہزار کا اور مرا ہوا لاکھ کا ہوتا ہے، مریم نواز، زرداری اور بلاوجہ بھٹو کے اربوں ڈالر بیرون ممالک پڑے ہیں، پاکستان بچانا ہے تو فوری الیکشن کروائے جائیں ۔





