اسلام آباد(آئی پی ایس)الیکشن کمیشن آف پاکستان پنجاب کی جانب سے نگراں وزیرِ اعلیٰ کا اعلان اتوار کو کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق پنجاب کے نگراں وزیرِ اعلیٰ کے تقرری کے معاملے پر حکومت اور اپوزیشن کے 2، 2 نام الیکشن کمیشن کے پاس پہنچ گئے۔چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے نگراں وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے تقرر کے لیے اتوار 22جنوری کو اجلاس طلب کر لیا۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ اجلاس میں چیف الیکشن کمشنر اور ممبران شریک ہوں گے۔ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ اجلاس میں نگراں وزیرِ اعلیٰ کے ناموں پر غور کیا جائے گا جس کے بعد اتوار کو ہی نگراں وزیرِ اعلیٰ کا نام فائنل کر کے اس کا اعلان کر دیا جائے گا۔یاد رہے کہ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کے تقرر کے لیے حکومت اور اپوزیشن کی جانب سے کسی ایک نام پر اتفاق نہ ہونے کے بعد معاملہ الیکشن کمیشن کے پاس پہنچا تھا۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا ہم چیف الیکشن کمشنر کا مقرر کردہ نگران وزیراعلیٰ پنجاب چلنے نہیں دیں گے، ہم نگران وزیراعلیٰ کے خلاف عدالت جائیں گے۔





