
Press Release
اسلام آباد / کراچی (آئی پی ایس): پاکستان ہندو کونسل کے سرپرستِ اعلیٰ اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے کہا ہے کہ نئی دہلی میں شنگھائی تعاون تنظیم کے تہذیبی مکالمے میں پاکستان کی بھرپور شرکت جنوبی ایشیا میں امن کے خواہش مند حلقوں کیلئے امید کی ایک نئی کرن ہے۔ انہوں نے اپنے ایک بیان میں پاک بھارت تعلقات کے حوالے سے اسے اہم سفارتی پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کی قیادت کو چاہیے کہ وہ اس اہم موقع کو محض رسمی سرگرمی تک محدود رکھنے کے بجائے باہمی اعتماد کی بحالی اور دیرپا امن کے قیام کیلئے آگے بڑھائیں۔
ڈاکٹر رمیش وانکوانی نے معروف بھارتی اخبارات دی انڈین ایکسپریس، دی ہندو، ٹائمز آف انڈیا، انڈیا ٹوڈے اور آؤٹ لک انڈیا سمیت بھارتی ٹی وی چینلز اور ڈیجیٹل میڈیا کا بطور خاص تذکرہ کیا جو نئی دہلی میں منعقدہ ایس سی او اجلاس میں پاکستان کی شرکت کو نمایاں کوریج دے رہے ہیں۔ ڈاکٹر رمیش وانکوانی کا کہنا تھا کہ بھارتی میڈیا حالیہ پیش رفت کو صرف ایک بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کے بجائے مئی 2025 کی فوجی کشیدگی کے بعد دونوں ممالک کے درمیان سفارتی رابطوں کی ممکنہ بحالی کے تناظر میں دیکھ رہا ہے، واضح رہے کہ ساڑھے تین سال قبل مئی 2023 میں بلاول بھٹو زرداری کے دورہ بھارت کے بعد اب پہلی مرتبہ کوئی پاکستانی وفاقی وزیر بھارتی سرزمین کا دورہ کر رہا ہے۔
ڈاکٹر رمیش کمار نے کہا کہ بھارتی میڈیا کے ٹاک شوز اور تجزیوں میں بھی یہ سوال زیر بحث ہے کہ آیا جنوبی ایشیا کے دونوں بڑے ممالک کے درمیان منجمد سفارتی برف پگھلنا شروع ہو گئی ہے اور کیا سرحد کے آرپار امن کے کسی نئے روڈمیپ کے لیے کوششیں ممکن ہیں؟ اس حوالے سے انہوں نے واضح کیا کہ جنوبی ایشیا کی دونوں بڑی جوہری طاقتوں پاکستان اور بھارت کے درمیان بنیادی تنازع مسئلہ کشمیر ہے، جسے نظرانداز کرکے پائیدار امن اور معمول کے تعلقات کی بنیاد نہیں رکھی جا سکتی۔ تاہم ڈاکٹر رمیش وانکوانی کے مطابق سفارت کاری کا آغاز ہمیشہ حساس تنازعات کے حتمی حل یا بڑے معاہدوں سے نہیں ہوتا، بعض اوقات ایک غیر رسمی ملاقات، چائے کی دعوت یا کسی علاقائی فورم پر ہونے والا مصافحہ بھی برسوں سے بند سفارتی دروازے کھولنے کا ذریعہ بن جاتا ہے۔





