
بیجنگ :چھیوشی میگزین کے 22ویں شمارے میں سی پی سی کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکرٹری، عوامی جمہوریہ چین کے صدر اور مرکزی فوجی کمیشن کے چیئرمین شی جن پھنگ کا ایک اہم مضمون پیر کے روز شائع ہوگا، جس کا عنوان ” مل کر ایشیا پیسیفک ہم نصیب معاشرے کی تعمیر کریں” ہے۔ یہ مضمون اکتوبر 2013 سے نومبر 2025ء تک صدر شی جن پھنگ کے اس موضوع سے متعلق اہم بیانات کے اقتباسات پر مشتمل ہے۔مضمون میں کہا گیا ہے کہ اپیک نے ایشیا پیسیفک خطے کی ترقی اور خوشحالی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ آج یہ خطہ دنیا میں سب سے زیادہ متحرک معاشی سرگرمیوں اور ترقی کی وسیع تر صلاحیت کا حامل ہے اور عالمی معاشی ترقی کا ایک اہم انجن بھی ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ ایک کھلے، جامع، جدت پر مبنی ترقی، باہمی روابط اور باہمی مفاد پر مبنی تعاون کے حامل ایشیا پیسیفک ہم نصیب معاشرے کی مشترکہ تعمیر کی جائے۔ مضمون میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ ایشیا پیسیفک خطے کو معاشی عالمگیریت کے فروغ میں اپنا کردار جاری رکھنا چاہیے۔ اپیک کا بنیادی مقصد تجارت اور سرمایہ کاری کو آزاد اور آسان بنانا، معاشی ترقی اور خوشحالی کو فروغ دینا ہے۔ اپیک کو اپنے ابتدائی مشن پر قائم رہتے ہوئے زیادہ متحرک اور مضبوط ایشیا پیسیفک تعاون کے ذریعے دنیا کے لیے مزید نمایاں کردار ادا کرنا چاہیے۔ مضمون کے مطابق خطے کو امن و استحکام کے تحفظ میں پیش قدمی کرنی چاہیے، مشترکہ، جامع، تعاون پر مبنی اور پائیدار سلامتی کے تصور پر قائم رہنا چاہیے اور اختلافات و تنازعات کو مکالمے اور مشاورت کے ذریعے حل کرنا چاہیے۔ اسی طرح کھلے پن اور علاقائی انضمام کے فروغ میں بھی قائدانہ کردار ادا کرتے ہوئے عالمی تجارتی تنظیم کی مرکزی حیثیت اور اصولوں پر مبنی کثیرالجہتی تجارتی نظام کا بھرپور تحفظ کرنا چاہیے۔ اس کے ساتھ ساتھ علاقائی معاشی انضمام اور ایشیا پیسیفک آزاد تجارتی علاقے کی تعمیر کو آگے بڑھانا بھی ضروری ہے۔ باہمی فائدے والے تعاون پر قائم رہنا چاہیے، خطے کی معیشتوں کے تنوع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے باہمی مفاد پر مبنی تعاون کو فروغ دیا جائے اور ایشیا پیسیفک تعاون کے ثمرات میں اضافہ کیا جائے۔ سب کے لیے مفید ترقی کو یقینی بنانے کے لیے اقوام متحدہ کے 2030ء کے پائیدار ترقیاتی ایجنڈے پر مکمل عمل درآمد اور خطے کے تمام عوام کی مشترکہ خوشحالی کے لیے کوششیں جاری رکھی جانی چاہئیں۔مضمون میں اس عزم کا اظہار بھی کیا گیا ہے کہ چین تمام فریقوں کے ساتھ مل کر ایشیا پیسیفک ہم نصیب معاشرے کی تعمیر کے لیے کام کرنے کو تیار ہے۔




