
بیجنگ :سن یات سین کی پیدائش کی 160ویں سالگرہ کی یاد میں تقریب بیجنگ کے عظیم عوامی ہال میں منعقد ہوئی۔ کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکریٹری، صدرِ مملکت اور مرکزی فوجی کمیشن کے چیئرمین شی جن پھنگ نے اہم خطاب کرتے ہوئے زور دیا کہ چین اور بیرون ملک مقیم تمام چینی باشندوں کو مزید مضبوطی سے متحد ہوکر سن یات سین کی وراثت کو آگے بڑھانا چاہیے، متحد ہوکر چینی قوم کی عظیم نشاۃ الثانیہ کے عظیم مقصد میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے اور اس عظیم خواب کو مسلسل ایک خوبصورت حقیقت میں بدلنا چاہیے جس کے لیے جدید دور سے اب تک چین کی تمام قومیتوں کے عوام مسلسل جدوجہد کرتے آئے ہیں۔ شی جن پھنگ نے کہا کہ سن یات سین ایک عظیم قومی ہیرو، عظیم محب وطن اور چین کے جمہوری انقلاب کے عظیم پیش رو تھے۔ انہوں نے اپنی پوری زندگی ملک کی اصلاح اور تعمیر کے لیے وقف کی اور چینی عوام اور چینی قوم کے لیے نمایاں خدمات انجام دیں، جس کی وجہ سے چین اور بیرون ملک مقیم تمام چینی باشندے ان کا دل کی گہرائیوں سے احترام کرتے ہیں۔شی جن پھنگ نے زور دیا کہ گزشتہ 100 سے زائد برسوں کے دوران سن یات سین کا "چین کو مضبوط و خوشحال بنانے” کا نعرہ نسل در نسل چینی عوام کے لیے تحریک کا باعث بنا ہے اور اسے بدلتے ہوئے دور کے تقاضوں کے مطابق مسلسل نئے مفہوم اور معانی دیے گئے ہیں۔ آج سن یات سین کو بہترین خراجِ عقیدت یہی ہے کہ ان کے قیمتی جذبے سے سیکھا جائے، اسے آگے بڑھایا جائے اور ملک کو مضبوط بنانے اور قومی نشاۃ الثانیہ کے عظیم مقصد کو مسلسل آگے بڑھایا جائے۔





