
اسلام آباد، :وزیرِ مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت محترمہ وجیہہ قمر نے عالمی یومِ خواندگی کے موقع پر کہا ہے کہ خواندگی محض پڑھنے اور لکھنے کی صلاحیت نہیں بلکہ باوقار زندگی، شعور، خودمختاری، مساوی مواقع اور قومی ترقی کی بنیاد ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لیے خواندگی صرف شعبۂ تعلیم کا ایک ہدف نہیں بلکہ ایک قومی ضرورت ہے، کیونکہ تعلیم یافتہ اور ہنرمند افرادی قوت ہی مضبوط معیشت، ذمہ دار معاشرے اور پائیدار قومی ترقی کی ضمانت ہے۔
وزیرِ مملکت نے کہا کہ ہمارا عزم واضح ہے کہ پاکستان کا کوئی بچہ، کوئی خاتون اور کوئی طبقہ تعلیم اور سیکھنے کے مواقع سے محروم نہ رہے۔ ہر بچے کو تعلیم سے جوڑنا اور ہر نوجوان کو علم، ہنر اور جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ صلاحیتوں سے آراستہ کرنا ہماری قومی ذمہ داری ہے۔
وجیہہ قمر نے کہا کہ اب ہماری توجہ محض داخلوں کی تعداد بڑھانے تک محدود نہیں رہ سکتی بلکہ معیاری تعلیم، ڈیجیٹل خواندگی، تنقیدی سوچ اور مستقبل کی مہارتوں کو بھی تعلیمی نظام کا لازمی حصہ بنانا ہوگا۔ بالخصوص بچیوں، اسکولوں سے باہر بچوں اور پسماندہ طبقات تک تعلیمی مواقع پہنچانے کے لیے مشترکہ اور مسلسل کوششوں کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومتِ پاکستان معیاری تعلیم تک رسائی میں اضافے، غیر رسمی اور متبادل تعلیمی نظام کو مضبوط بنانے، اساتذہ کی استعدادِ کار میں اضافے اور جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کے ذریعے تعلیم کا دائرہ وسیع کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔
وزیرِ مملکت نے اساتذہ، والدین، تعلیمی اداروں، سول سوسائٹی، ترقیاتی شراکت داروں اور تمام متعلقہ فریقوں پر زور دیا کہ وہ خواندگی کو ایک قومی تحریک بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔
وجیہہ قمر نے کہا، ”ایک خواندہ پاکستان ہی ایک مضبوط، بااختیار، خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کی بنیاد ہے۔ ہمارا ہدف ایسا پاکستان ہے جہاں ہر شہری کو بلاامتیاز تعلیم، علم اور آگے بڑھنے کا موقع میسر ہو۔“





