پاکستان

دفاع پر مسلح افواج، شہداء اور غازیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں، صدر ایف پی سی سی آئی

اسلام آباد: صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) عاطف اکرام شیخ نے یومِ دفاعِ پاکستان کے موقع پر مسلح افواج، شہداء اور غازیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 6 ستمبر پاکستان کی قومی تاریخ میں جرات، بہادری اور لازوال قربانیوں کی روشن مثال ہے۔
اپنے بیان میں عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ یومِ دفاع کے موقع پر پوری قوم مسلح افواج سمیت ان تمام بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتی ہے جنہوں نے وطن عزیز کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ پاک افواج اور شہداء کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
صدر ایف پی سی سی آئی نے کہا کہ یومِ دفاع ہمیں وطن کے تحفظ، استحکام اور ترقی کے لیے متحد ہونے کا پیغام دیتا ہے۔ قوم اپنے شہداء اور غازیوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی، جبکہ پاکستان کی مسلح افواج ملکی دفاع کے لیے ہر وقت تیار اور پوری قوم کا فخر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قومی اتحاد، یکجہتی اور حب الوطنی ہی پاکستان کی اصل طاقت ہیں۔ شہداء کی قربانیاں ہمیں ایک مضبوط، مستحکم اور خوشحال پاکستان کی تعمیر کے لیے مزید عزم و حوصلہ فراہم کرتی ہیں۔
عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ کاروباری برادری ملکی معیشت کے استحکام، روزگار کے فروغ اور قومی ترقی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔ یومِ دفاع کے موقع پر پوری قوم پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ملکی سلامتی و ترقی کے لیے متحد ہے۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker