
تہرا ن (آئی پی ایس) ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے صدر ٹرمپ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے خلاف امریکا کی نام نہاد ’اکنامک ڈی ڈے‘ پالیسی دراصل امریکا کے اپنے بحران سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔
عباس عراقچی نے کہا کہ ناکام پالیسیوں کو سخت کرنے سے امریکا کو مزید شکست اور ایرانی عوام کی مزید مخالفت کا سامنا ہو گا۔
ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکی معاشی اقدامات عالمی معیشت اور ممالک کی خودمختاری کے لیے خطرہ ہیں۔
واضح رہےامریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو کسی بھی قسم کی مدد یا سہارا فراہم کرنے والے ممالک کو سنگین معاشی نتائج کی دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے ممالک کیخلاف غیر معمولی پیمانے پر معاشی جنگ اور تنہائی کی پالیسی اختیار کی جائے گی۔
ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ جو بھی ملک اپنے مالیاتی اداروں، کاروباری اداروں، ہوائی اڈوں یا سرکاری اداروں کے ذریعے ایران کو کسی بھی قسم کی مدد فراہم کرے گا، اسے ’’بہت بڑے معاشی نتائج‘‘ کا سامنا کرنا پڑے گا۔
امریکی صدر نے یہ واضح نہیں کیا کہ دھمکی پر عمل درآمد کی صورت میں واشنگٹن کن مخصوص اقدامات کا سہارا لے گا اور نہ ہی کسی ملک کا نام لیا۔ ان کے بیان سے یہ تاثر پیدا ہوا ہے کہ ان ممالک کو بھی امریکی دباؤ کا سامنا ہوسکتا ہے جو ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات میں ثالثی کا کردار ادا کر رہے ہیں۔





