
اسلام آباد:(آئی پی ایس) وطن عزیز کے لئے جانیں نچھاور کرنے والے شہداء اور شجاعت و بہادری کا مظاہرہ کرنے والے غازیوں کو سول ایوارڈز دینے کی منظوری دی گئی ہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت گیلنٹری ایوارڈز سے متعلق خصوصی کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں وطن عزیز کے لیے جان نچھاور کرنے والے شہداء اور شجاعت و بہادری کا مظاہرہ کرنے والے غازیوں کو سول ایوارڈز دینے کی منظوری دی گئی ۔ اجلاس میں مختلف کیٹیگریز میں مجموعی طور پر 78 افراد کو سول اعزازات دینے کی منظوری دی گئی۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ملک و قوم کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے اور غیر معمولی شجاعت کا مظاہرہ کرنے والوں کی حوصلہ افزائی قومی ذمہ داری ہے۔
محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ وطن عزیز شہداء اور غازیوں کی لازوال قربانیوں کا احسان مند ہے۔ شہداء اور غازیوں کی عظیم قربانیاں قوم کا سرمایہ ہیں۔
اجلاس میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، وفاقی سیکرٹری داخلہ، ڈی جی ایف آئی اے، ایڈیشنل سیکرٹری کابینہ اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ علاوہ ازیں، چاروں صوبوں کے نمائندے بذریعہ زوم اجلاس میں شریک ہوئے۔





