پاکستان

اسپیشل پرائس کنٹرول مجسٹریٹ چوہدری شفقت محمود کی کارروائیاں، سرکاری نرخنامے کی خلاف ورزی پر ایکشن

حسن ابدال : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے عوام دوست وژن اور ضلعی انتظامیہ کی ہدایات کی روشنی میں اسپیشل پرائس کنٹرول مجسٹریٹ چوہدری شفقت محمود نے تحصیل فتح جنگ اور حسن ابدال میں گراں فروشی کے خلاف کارروائیاں جاری رکھیں۔

انہوں نے شہر کے مختلف بازاروں اور مارکیٹوں کا دورہ کرتے ہوئے ڈرائی فروٹ، موسمی تازہ پھل اور سبزی فروخت کرنے والے دکانداروں کا معائنہ کیا۔ دورانِ چیکنگ سرکاری نرخنامے کی خلاف ورزی اور زائد قیمت وصول کرنے پر متعدد دکانداروں کو جرمانے عائد کیے گئے، جبکہ بعض کو آئندہ مقررہ نرخوں پر اشیائے ضروریہ فروخت کرنے کی سخت وارننگ بھی جاری کی گئی۔

اس موقع پر چوہدری شفقت محمود کا کہنا تھا کہ عوام کو اشیائے ضروریہ سرکاری نرخوں پر فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور گراں فروشی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے دکانداروں کو ہدایت کی کہ نمایاں مقام پر سرکاری نرخنامے آویزاں رکھیں اور مقررہ قیمتوں پر معیاری اشیاء کی فراہمی یقینی بنائیں، بصورت دیگر خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker