پاکستان

ملتان: محکمہ سیاحت کے زیرِ اہتمام ثقافتی ورثے سے آگاہی واک، عوام اور طلبہ کی بھرپور شرکت

ملتان (نمائندہ خصوصی): محکمہ سیاحت ملتان کے زیرِ اہتمام ثقافتی ورثے کے تحفظ، بحالی اور فروغ کے حوالے سے ایک آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا، جس میں طلبہ، اساتذہ، مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

واک کا مقصد نوجوان نسل اور عوام میں ثقافتی ورثے کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور انہیں اپنی تاریخی و ثقافتی شناخت سے روشناس کرانا تھا تاکہ وہ اپنے ثقافتی ورثے کو یاد رکھیں اور اس کے تحفظ میں اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔

اس موقع پر شرکاء نے محکمہ سیاحت ملتان کی جانب سے منعقد کیے گئے شاندار ایونٹ کو سراہتے ہوئے اس کا بھرپور خیرمقدم کیا۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ اس نوعیت کی سرگرمیاں نوجوانوں میں اپنی تہذیب، تاریخ اور ثقافت سے محبت کو فروغ دیتی ہیں اور قومی ورثے کے تحفظ کے شعور کو مضبوط بناتی ہیں۔

شرکاء نے محکمہ سیاحت کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ مستقبل میں بھی ایسے معلوماتی اور ثقافتی پروگراموں کا تسلسل برقرار رکھا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد، خصوصاً طلبہ، اپنے ثقافتی ورثے سے آگاہ ہو سکیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ریجنل منیجر سید حیدر رضا اور مارکیٹنگ آفیسر سید دلدار حسین گیلانی نے ثقافتی ورثے کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ زندہ قومیں اپنی تہذیب، تاریخ اور ثقافت کو کبھی فراموش نہیں کرتیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل میں ثقافتی شعور اجاگر کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، اسی مقصد کے تحت محکمہ سیاحت مختلف آگاہی پروگرامز اور تقریبات کا انعقاد کر رہا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام، بالخصوص طلبہ میں ثقافتی ورثے کے تحفظ اور فروغ کے لیے مستقبل میں بھی مؤثر اقدامات اور ایسی مثبت سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
تقریب کے اختتام پر شرکاء نے ثقافتی ورثے کی حفاظت، بحالی اور فروغ کے لیے محکمہ سیاحت کی کاوشوں کو قابلِ ستائش قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی عوامی شعور بیدار کرنے کے لیے ایسی مثبت سرگرمیوں کا انعقاد جاری رکھا جائے گا۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker