پاکستان

وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن پر عملدرآمد، فتح جنگ میں اربوں کی سرکاری اراضی واگزار

فتح جنگ (نمائندہ خصوصی)

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن اور ڈپٹی کمشنر اٹک راؤ عاطف رضا کی خصوصی ہدایات پر فتح جنگ میں سرکاری اراضی واگزار کرانے کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔ اسی سلسلے میں اے سی فتح جنگ احسن علی، تحصیلدار چوہدری شفقت محمود و دیگر حکام نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے شہر کی قیمتی سرکاری اراضی ناجائز قابضین سے واگزار کرا دی۔

کارروائی کے دوران اسسٹنٹ کمشنر فتح جنگ احسن علی، تحصیلدار چوہدری شفقت محمود اور پیرا فورس نے شہر کی مرکزی شاہراہ پر واقع پانچ کنال سے زائد سرکاری کمرشل کارنر پلاٹ سے غیر قانونی قبضہ ختم کروا کر اراضی سرکاری تحویل میں لے لی، جس کی مالیت اربوں روپے بتائی جا رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق مذکورہ سرکاری اراضی پر گزشتہ کئی دہائیوں سے غیر قانونی طور پر نجی ٹیکسی اور ویگن اسٹینڈ قائم تھا۔ انتظامیہ نے بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ کر تجاوزات کا خاتمہ کیا، غیر قانونی اسٹینڈ مسمار کیا اور زمین واگزار کرا لی۔

تحصیلدار چوہدری شفقت محمود نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر اٹک کی ہدایات پر ناجائز تجاوزات اور سرکاری اراضی پر قبضوں کے خلاف بلاامتیاز آپریشن جاری رہے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہر کے مین بازاروں، سڑکوں اور فٹ پاتھوں کو تجاوزات سے پاک کرنے کے لیے روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں کی جا رہی ہیں اور کسی بااثر شخص کو بھی قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا۔

اسسٹنٹ کمشنر فتح جنگ احسن علی نے خبردار کیا کہ کسی بھی دکاندار کو شٹر سے باہر سامان رکھنے یا سرکاری جگہ پر قبضہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

شہری حلقوں نے تحصیلدار چوہدری شفقت محمود کی مؤثر نگرانی میں ہونے والی کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ برسوں سے قابض مافیا کے خلاف اس نوعیت کی مؤثر کارروائی پہلی مرتبہ دیکھنے میں آئی ہے، جس سے نہ صرف سرکاری اراضی واگزار ہوئی بلکہ شہر کی خوبصورتی اور ٹریفک کی روانی بھی بحال ہونے کی امید پیدا ہوئی۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker