
فلوریانوپولیس(آئی پی ایس)
یونیورسٹی آف سانتا کیتارینا (یو ایف ایس سی) کے توسیعی منصوبہ ود آوٹ بارڈر،پروگارڈ(PROGRAD)سن(SINTER)اور فیڈرل یونیورسٹی آف سانتا کیتارینا کے (Sérgio Vieira de Mello Chair) کے اشتراک سے برازیل میں مائیگرنٹس اور پناہ گزینوں کے ہفتے کے موقع پر مائگریشن، پناہ گزینی اور انسانی بے دخلی کے موضوع پر ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔جس میں ایجوکیشن کمیونٹی کے ساتھ ساتھ عام عوام نے بھی بھرپور شرکت کی۔سیمینار کے بنیادی مقاصد میں انسانی ہجرت کے رجحان کو مختلف زاویوں سے اجاگر کرنا،مائیگرنٹس اور پناہ گزینوں کے برازیل کی ریاستی تشکیل میں کردار کو اجاگر کرنا، ان کے حقوق، آزادیوں اور ذمہ داریوں کو فروغ دینا اور انسانی حقوق سے متعلق مباحثوں کو تعلیمی سطح پر مضبوط بنانا شامل تھا۔ اس کے علاوہ یونیورسٹی کے ادارہ جاتی اقدامات سے سول سوسائٹی کو آگاہ کرنا، ثقافتی انضمام کو فروغ دینا اور ثقافتی تنوع کو سراہنا بھی اس کے اہم اہداف میں شامل تھا۔اس ایونٹ کا پہلا ایڈیشن 13 جون 2025 کو منعقد ہوا، جس میں یونیورسٹی کے مختلف ادارہ جاتی وسائل اور ایسے منصوبے پیش کیے گئے جو پناہ گزین طلبہ کی معاونت کرتے ہیں۔ اس موقع پر مائیگریشن پر تعلیمی تحقیق، غیر ملکیوں کے لیے پرتگالی زبان کی تدریس اور تارکین وطن کی جانب سے ثقافتی سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا گیا۔دوسرا ایڈیشن 22 جون 2026 کو ایک روزہ جامع سیمینار کی صورت میں منعقد ہوا، جس میں بین الاقوامی طلبہ سے متعلق منصوبے، تارکین وطن کے ساتھ کام کرنے والی سول سوسائٹی تنظیموں کی سرگرمیاں، اور ثقافتی پیشکشیں شامل تھیں۔اس کے علاوہ ایک ورکشاپ شامل تھی جو پناہ گزینوں کے ساتھ کام کرنے والے افراد کی ذہنی و جسمانی خود نگہداشت (self-care) پر مرکوز تھی۔دوپہر کے سیشن میں مختلف علمی موضوعات پر پریزنٹیشنز پیش کی گئیں جن میں مائیگرنٹس کی نفسیاتی مدد، غیر ملکیوں کے لیے پرتگالی زبان کی تدریس، سماجی معاونت، صنفی تشدد، صحت و تعلیم کے مسائل، سانتا کیتارینا میں افریقی تارکین وطن کی صورتحال اور موزمبیق کی موسیقی جیسے موضوعات شامل تھے۔سیمینار کے دوران پناہ گزینوں کے لیے عطیات جمع کرنے کی مہم بھی چلائی گئی جو مختلف غیر سرکاری تنظیموں کے تعاون سے منعقد ہوئی، جبکہ ایک خصوصی نمائش میں برازیل میں موجود طلبہ اور پناہ گزینوں کی روزمرہ اور تفریحی سرگرمیوں کو اجاگر کیا گیا۔





