
فتح جنگ:عوام دوست آفیسر اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹ چوہدری شفقت محمود، تحصیلدار فتح جنگ نے عید کی مناسبت سے اپنے دفتر میں تحصیل کے تمام عملے کے اعزاز میں عید ملن پارٹی کا اہتمام کیا۔ تقریب میں تحصیل کے ریڈرز، نقول برانچ، رجسٹریشن برانچ، گن مین اسٹاف اور دیگر ماتحت ملازمین نے شرکت کی۔ اس موقع پر چوہدری شفقت محمود نے عملے کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے عوامی خدمت اور دفتری امور کی مزید بہتری کے لیے باہمی تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن، کمشنر راولپنڈی، ڈپٹی کمشنر اٹک اور اسسٹنٹ کمشنر فتح جنگ کی ہدایات کے مطابق پرائس کنٹرول مجسٹریٹ چوہدری شفقت محمود نے راولپنڈی روڈ، کوہاٹ روڈ اور کھوڑ روڈ کے مختلف سبزی و فروٹ بازاروں کا اچانک دورہ کیا۔
دورے کے دوران انہوں نے ریٹ لسٹوں کی دستیابی، سرکاری نرخوں پر عملدرآمد، پھلوں اور سبزیوں کے معیار (کوالٹی) اور وزن (کوانٹٹی) کا تفصیلی جائزہ لیا۔ خلاف ورزی کے مرتکب دکانداروں کو جرمانے کیے گئے جبکہ متعدد افراد کو آئندہ احتیاط برتنے کے لیے وارننگز بھی جاری کی گئیں۔
چوہدری شفقت محمود کا کہنا تھا کہ عوام کو اشیائے خورونوش مقررہ نرخوں پر فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور گرانفروشی یا ذخیرہ اندوزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ پرائس کنٹرول مہم عید کے دنوں سمیت مسلسل جاری رہے گی تاکہ شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔





