
بیجنگ: پاکستان کے پہلے” پانڈا بانڈز” کے اجراء کی تقریب بیجنگ میں منعقد، پاکستان نے 1.75 ارب چینی یوآن حاصل کر لیے۔
پاکستان نے چینی مالیاتی مارکیٹ میں ایک بڑا سنگ میل عبور کر لیا ہے۔ بیجنگ میں پاکستان کی تاریخ کے پہلے پانڈا بانڈز کے باقاعدہ اجراء کی تقریب منعقد ہوئی ۔ پاکستان کے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے چین کی انٹربینک بانڈ مارکیٹ میں پاکستان کے کامیاب داخلے کا باضابطہ اعلان کیا۔ رپورٹ کے مطابق، پانڈا بانڈز کے اس اجراء کا مجموعی حجم 1.75 ارب چینی یوآن (RMB) ہے۔
چین کی مالیاتی مارکیٹ میں پاکستان کے اس اہم عملی قدم کو زبردست پذیرائی ملی ہے۔ ایشیائی انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک (AIIB) اور ایشیائی ترقیاتی بینک (ADB) کی مشترکہ ضمانت اور کریڈٹ سپورٹ کی بدولت ان بانڈز کی خریداری کے لیے مقررہ ہدف سے پانچ گنا زیادہ بولیاں موصول ہوئیں۔ ماہرین کے مطابق سرمایہ کاروں کا یہ غیر معمولی ردعمل پاکستان کی اقتصادی ترقی کے امکانات پر عالمی اعتماد کا واضح اظہار ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ "اس کامیاب اجراء سے پاکستان کو بیرونی مالی وسائل کے ذرائع کو متنوع بنانے میں کافی مدد ملے گی۔”
بانڈز کے باقاعدہ اجراء کی یہ پروقار تقریب بیجنگ میں قائم پاکستانی سفارت خانے میں منعقد ہوئی، جس میں چین پاک حکام، دونوں ممالک کے اعلیٰ مالیاتی اداروں کے نمائندوں اور بین الاقوامی تنظیموں کے سربراہان نے شرکت کی۔





