
اسلام آباد (آئی پی ایس): امریکی نائب صدر جے ڈی وینس پاکستان پہنچ گئے۔
دنیا کے فیصلے پاکستان میں ہونے کا وقت آ گیا ہے، فریقین جنگ کا میدان چھوڑ کر پاکستان آ رہے ہیں، ایرانی وفد اسپیکر باقر قالیباف کی سربراہی میں اسلام آباد پہنچ گیا، جب کہ جے ڈی وینس بھی وفد کے ہمراہ اسلام آباد پہنچ گئے، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے امریکی نائب صدر کا پرتپاک استقبال کیا۔ امریکی وفد میں اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کُشنر بھی شامل ہیں۔
جے ڈی وینس ایران سے مثبت بات چیت کے لیے پر امید ہیں، انھوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ہم مثبت مذاکرات چاہتے ہیں، ایران مخلص ہے تو ہم بھی کھلے دل سے بات کریں گے، اگر ایران نے ہمارے ساتھ کھیلنے کی کوشش کی تو ہم بھی کمزوری نہیں دکھائیں گے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے اسلام آباد مذاکرات کے لیے اچھی ٹیم بھیجی ہے، جے ڈی وینس، جیرڈ کشنر، اسٹیو وٹکوف آج اسلام آباد میں ایرانی وفد سے ملاقات کریں گے۔
انھوں نے دہرایا کہ ایران کو ایٹمی ہتھیاروں کی اجازت نہیں دی جائے گی، آبنائے ہرمز بہت جلد مکمل کھل جائے گی، ہمیں کسی بیک پلان کی ضرورت نہیں، ایرانی فوج ختم کر دی ہے، ایران میں پہلے ہی رجیم چینج ہو چکی مگر ہمارا یہ مقصد نہیں تھا۔
قبل ازیں، جب ایرانی وفد پاکستان پہنچا جس میں وزیر خارجہ عباس عراقچی بھی شامل تھے، تو ان کا استقبال فیلڈ مارشل عاصم منیر اور نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار، ایاز صادق، اور محسن نقوی نے کیا۔ باقر قالیباف نے کہا ہم اچھی امید کے ساتھ مذاکرات کے لیے آئے ہیں، اگر امریکا ہمارے حقوق تسلیم کرتا ہے تو معاہدے تک پہنچنے کے لیے تیار ہیں۔





